جموں//رائٹرس فورم جموں کی جانب سے جمعہ کے روز یہاں کے ایل سہگل ہال میں اُردو اور گوجری مصنف ڈاکٹر شاہ نواز چودھری کی عزت افزائی کے لئے ایک کثیر زبانی مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا ۔ ایک ڈوگری مصنف منواڑی اس موقعہ پر مہمان خصوصی تھے ،جبکہ کشمیر کے ایک سینئر مصنف جوگیندر سنگھ پانڈھی نے پروگرام کی صدارت کی۔پروگرام میں دانشوروں، مصنفوں اور کلا کاروں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ رائٹرس فورم کے سرپرست اعلیٰ ونامور اردو غزل مصنف پرتپال سنگھ بے تاب نے مہمانوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے فورم کی جانب سے انجام دی گئی کاروائیوں کی تفصیل پیش کی۔انہوں نے ڈاکٹر شاہ نواز کی زندگی اور کارناموں اور اردو و گوجری ادب کے شعبہ میں انجام دئے گئے کارناموں پر بھی روشنی ڈالی۔اپنے صدارتی خطبہ میںجوگیندر سنگھ پانڈھی نے ڈاکٹر شاہ نواز چودھری کو عزت افزائی کرنے پر مبارک باد دی اور رائٹرس فورم کی جانب سے ایسا پروگرام منعقد کرنے پر فورم کی ستائش کی۔ ڈاکٹر شاہ نواز چودھری اور کرنل راج منواڑی نے بھی اس موقعہ پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ مشاعرے میں سوامی انتر نیرو،ڈاکٹر بلجیت سنگھ رینہ،جنگ ایس ورمن، ورون ویر، بھوپیندر سنگھ بھارگو، ایاذف، انو اتری، غلام سرور،شام طالب ،امر سنگھ کوکہ، عرفان عارف، ہرجیت اپل، امین بانہالی، راز منواڑی، نیلم تھا پا، امر جیت کور، امتا مہتہ، پروفیسر نرمل ونود، پرتپال سنگھ بے تاب، اور جوگیندر سنگھ پانڈھی نے ااپنا کلام سنایا۔نظامت کے فرائض فورم کے سرپرست سدھیر مہاجن نے انجام دئے۔انہوں نے شکریہ کا ووٹ بھی پیش کیا۔