عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//حکومت نے اسمبلی میں بتایا ہے کہ صحت کے شعبے میں ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی شدید کمی کو دور کرنے کیلئے 2400 سے زائد خالی اسامیاں پُر کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، جس میں میڈیکل آفیسرز اور نان گزٹیڈ کیٹیگری کی پوسٹیں شامل ہیں۔ یہ جواب کانگریس لیڈر جی اے میر کے سوال پر دیا گیا۔ حکومت نے بتایا کہ 480 میڈیکل آفیسروں کی اسامیاں جموں و کشمیر پبلک سروس کمیشن کو بھیجی گئی ہیں۔ اسی طرح مختلف ڈائریکٹوریٹس سے 292 نان گزٹیڈ اسامیاں جموں و کشمیر سروسز سلیکشن بورڈکو بھیجی گئی ہیں، جنہیں بورڈ نے مشتہر بھی کر دیا ہے۔ مزید بتایا گیا کہ ڈائریکٹوریٹ آف ہیلتھ سروسز جموں سے 290 اسامیاں جے کے ایس ایس بی کو بھیجی گئی ہیں، جبکہ مزید 608 اسامیاں ریفرل کے عمل میں ہیں۔ کشمیر ڈویژن کیلئے 802 اسامیاں زیر غور ہیں جنہیں جلد سلیکشن بورڈ کو بھیجا جائے گا۔ حکومت نے کہا کہ فوری ضرورت کو پورا کرنے کیلئے نیشنل ہیلتھ مشن کے تحت ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی کنٹریکچول بھرتی پہلے ہی کی جا رہی ہے، خاص طور پر دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں۔ فاسٹ ٹریک یا مقامی سطح پر کنٹریکچول بھرتی کے مطالبے پر حکومت نے وضاحت کی کہ این ایچ ایم فریم ورک سے باہر حلقہ یا ضلع سطح پر بھرتی ممکن نہیں، کیونکہ تقرریاں مقررہ قوانین کے مطابق ہونی چاہئیں اور کسی متوازی نظام سے انتظامی و قانونی پیچیدگیاں پیدا ہو سکتی ہیں۔