مقبوضہ بیت المقدس// اسرائیلی حکام نے مسجد اقصیٰ کی مغربی دیوار کا تاریخی تشخص تبدیل کرنے کے لیے تعمیرات شروع کردیں۔ خبررساں اداروں کے مطابق صہیونی حکومت دیوار براق سے متصل اپنے مذموم مقاصد کے لیے تعمیرات کررہی ہے۔ اس سلسلے میں بھاری مشینوں کے ذریعے کام جاری ہے اور تاریخی مقام کو نقصان پہنچانے کی ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔ کرینوں اور کھدائی کے دوران استعمال کی جانے والی بھاری مشینوں کے باعث تاریخی دیوار میں دراڑیں پڑ گئی ہیں اور اس کے منہدم ہونے کے خدشات بڑھ رہے ہیں۔ صہیونی حکام منصوبے کے تحت زیر زمین بھی تعمیرات کررہے ہیں اور اس سلسلے میں مشینیں دن رات گہرائی تک کھدائی کرنے میں مصروف ہیں۔ اس کے علاوہ بنیادوں اور دیواروں میں لوہے کا استعمال کیا جارہا ہے۔