عظمیٰ مانیٹرنگ ڈیسک
نئی دہلی// شمالی ہندوستان میں شدید سردی نے تباہی مچا رکھی ہے اور دہلی میں درج حرارت میں ریکارڈ کمی درج کی گئی ہے۔ جمعہ کو دارالحکومت میں موسم کا سرد ترین دن رہا، برفیلی ہواؤں کے باعث کم سے کم درجہ حرارت 3.9 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ برفیلی ہواؤں کے ساتھ دہلی-این سی آر میں بھی شدید دھند چھائی رہی۔وہیں، راجستھان کے سیکر میں سیزن میں پہلی بار درجہ حرارت صفر سے نیچے چلا گیا۔ یہاں درجہ حرارت -0.5 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ ہریانہ میں بھی شدید سردی کا سلسلہ جاری ہے۔ یہاں نارنول میں درجہ حرارت 2.5 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ دہلی، پنجاب، یوپی، ہریانہ سمیت پورے شمالی ہندوستان میں لوگوں کو سردی کی لہر کی وجہ سے کانپنے پر مجبور کر دیا ہے۔نئی دہلی// ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے جمعہ کو کہا کہ اگلے پانچ دنوں تک شمالی ہندوستان کے کئی حصوں میں گھنے سے بہت گھنے دھند کا امکان ہے ۔محکمہ موسمیات نے شمالی ہندوستان میں اگلے دو دن اور شمال مغربی ہندوستان میں اگلے تین دنوں تک شدید سردی کی پیش گوئی کی ہے ۔آئی ایم ڈی نے 12-16 جنوری کے دوران اتراکھنڈ، ہماچل پردیش، ذیلی ہمالیائی مغربی بنگال، سکم اور شمالی مدھیہ پردیش میں 12 اور 13 جنوری کے دوران مختلف مقامات پر گرج چمک کے ساتھ طوفان کی پیش گوئی کی ہے ۔