عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// ایس ایچ او لالبازار خالد نے بدھ کو ایل پی سکول بوٹہ کدل میں اوپن کشمیر ہاپکیڈو چیمپئن شپ 2023 کا افتتاح کیا جس کا اہتمام گرینڈ واریرز اکیڈمی آف مارشل آرٹس نے جموں و کشمیر ہاپکیڈو ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ایل پی سکول کے تعاون سے کیا ہے۔ اس موقع پر پرنسپل ایل پی سکول ثمینہ، سکول کے سیکریٹری عبدالرؤف، کشمیر کے مارکو پولو بشیر احمد شالہ اور ہاپکیڈو ایسوسی ایشن کے صدر محمد شعیب مہمان خصوصی تھے۔ اپنے خطاب میں ایس ایچ او نے تمام شرکاء کو چیمپئن شپ میں ان کی شمولیت پر مبارکباد دی۔ انہوں نے مقامی علاقے میں کھیلوں کو فروغ دینے کیلئے گرینڈ واریرز اکیڈمی کی سرشار کوششوں کی بھی تعریف کی۔ اس 2 روزہ چیمپئن شپ میں مختلف اسکولوںاورکلبوں کے کھلاڑی بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔اکیڈمی کے بانی عادل حسین خان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مقامی علاقے میں اس چیمپئن شپ کا بنیادی مقصد مقامی ٹیلنٹ کو ابھارنا ہے۔ وادی میں منشیات کے واقعات میں چونکا دینے والے اضافے کے پیش نظر یہ ہمارا فرض بنتا ہے کہ ہم اس قسم کی تقریبات کا انعقاد کریں تاکہ نوجوانوں کو کھیلوں میں حصہ لینے کی ترغیب دی جا سکے۔