سرینگر//سول سوسائٹی فورم کے چیئرمین عبدالقیوم وانی نے جموں و کشمیر کے باہر خریدی گئی گاڑیوں کی دوبارہ رجسٹریشن کیلئے ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر کشمیر کے جاری کردہ حالیہ احکامات پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ایک بیان میں قیوم وانی نے جموں و کشمیر کے باہر خریدی گئی گاڑیوں پر ’دوگنا ٹیکس‘ لگانے والے ایسے کسی بھی حکم کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکام کو لازمی طور پر اس ظالمانہ حکم کو منسوخ کرنا چاہئے کیونکہ یہ گاڑی مالکان اور تجارت و نقل و حمل سے وابستہ دیگر افراد کے ساتھ سراسر ناانصافی ہے کیونکہ اب انہیں ٹیکس کی رقم 9 فیصد کی شرح سے دو بار ہ ادا کرنا پڑے گی۔قیوم وانی نے گاڑیوں پر ڈبل ٹیکس لگانے کے حکمنامے کو سراسر ناانصافی قرار دیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ جب وہ پہلے سے ہی گاڑی کے پہلے مالک کی طرف سے ادائیگی کی جاتی ہے تو وہ ٹرانسپورٹر اور گاڑی کے مالکان دوبارہ خرید ی گئی گاڑی کا ٹیکس کیسے ادا کرسکتے ہیں؟ انہوں نے کہا’جے کے سی ایس ایف کا مطالبہ ہے کہ دوبارہ رجسٹریشن کے لئے باہر سے خریدی گئی گاڑیوں کے لئے دوگنا ٹیکس چھوٹ دی جائے اور پہلے سے طے شدہ ضوابط سے وصول کیا جائے‘۔