نئی دہلی// دلی میں کورونا کے تیزی سے بڑھتے ہوئے معاملوں کے دوران اس سے ایک اور پولیس اہلکار کی موت ہوگئی ہے جو دلی پولیس میں کورونا وائرس کی وجہ سے آٹھویں موت ہے ۔پولیس کے مطابق اسسٹنٹ پولیس سب انسپکٹر (اے ایس آئی) سنجیو کمار (53) کرائم برانچ کی روہینی واقع ایس آئی ایس۔2 یونٹ میں تعینات تھے ۔ کھ دن قبل انہیں تیز بخار اور کھانسی تھی۔ اس کے بعد ان کی کورونا جانچ رپورٹ پازیٹیو آئی۔ کئی دن سے وہ وینٹی لیٹر تھے ۔ جمعہ کی شام ان کا انتقال ہوگیا۔دلی پولیس کی جانب سے سنیچر کو سنجیو کمار کے انتقال پر رنج ظاہر کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا ہماری پولیس فورس کا ایک محنتی اور بہادر جوان کووڈ۔ 19 وبا کے خلاف جنگ میں شہید ہوگیا ہے ۔ اس مشکل وقت میں اے ایس آئی سنجیو کی اہم خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ دلی پولیس ان کے کنبے کے تئیں گہری تعزیت کا اظہار کرتی ہے ۔واضح رہے کہ سب سے پہلے بھرت نگر تھانے میں تعینات کانسٹبل امت کی موت ہوئی تھی۔ اس کے بعد کانسٹبل راہل ایس آئی رام لال، اے ایس آئی وکرم، اے ایس آٗئی شیش منی پانڈے اور ایس آئی کرمبیر کورونا سے جنگ ہار گئے ۔ شاہدرہ ضلع میں تعینات ہیڈ کانسٹبل اجے کی کورونا سے 8 جون کو موت ہوئی تھی۔ ان کی ٹیسٹ رپورٹ دس جون کو آئی تھی۔ اب تک دلی پولیس کے 500 سے زیادہ پولیس اہلکار کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں جن میں سے تقریباً 200 صحت مند ہوچکے ہیں۔گزشتہ گھنٹوں کے دوران راجدھانی دلی میں کورونا انفیکشن کے اب تک کے سب سے زیادہ 2137نئے معاملے آنے سے متاثرین کی کل تعداد 36824 ہوگئی ہے اور اس دوران 1214 لوگوں کی موت ہوگئی ہے ۔