عظمیٰ نیوز سروس
جموں// بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری اور جموں و کشمیر کے انچارج ترون چْگ نے آج کہا کہ دفعہ 370 کی منسوخی کے چار سال بعد جموں و کشمیر میں امن اور خوشحالی کا ایک نیا دور شروع ہوا ہے۔چگ نے کہا کہ جموں و کشمیر جو ملک میں دہشت گردی کا مرکز کے طور پر جانا جاتا تھا، اب سیاحت کی راجدھانی بن گیا ہے، جہاں ملک کے تمام حصوں سے لوگ آتے ہیں اور خطے کی معیشت کو فروغ دیتے ہیں۔ پچھلے 70 سال میں پچھلے ایک سال میں سب سے زیادہ تعداد میں سیاح جموں و کشمیر آئے ہیں۔ بین الاقوامی سطح کے کامیاب واقعات جموں و کشمیر کے امن اور ترقی کے گواہ ہیں۔چگ نے نشاندہی کی کہ چار سال قبل آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد سے سب سے اہم کامیابی یہ ہے کہ سرحد پار سے فائرنگ کے واقعات نہ ہونے کے برابر ہو گئے ہیں، یہاں تک کہ آئی ایس آئی کے گیم پلان کو شکست دی گئی ہے۔چگ نے کہا کہ بچے اب اینٹوں اور پتھروں کی بات نہیں کرتے بلکہ کمپیوٹر اور کتابوں کی تلاش میں رہتے ہیں۔ سکولوں اور کالجوں میں طلباء کے لیے تعلیم کا مثبت ماحول پیدا کیا گیا ہے۔چگ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی رہنمائی میں جموں و کشمیر میں ترقیاتی کاموں کا ایک نیا دور آیا ہے، جہاں سماج کے تمام طبقات ترقی کر رہے ہیں۔ سماج کے کسی بھی طبقے کے ساتھ کوئی امتیاز نہیں ہے، چاہے وہ گجر ہو یا بکروال۔چگ نے کہا کہ جموں و کشمیر کی معیشت ایک نئی بلندی پر پہنچ گئی ہے اور لوگوں نے عبداللہوں اور مفتیوں سے آگے ایک بہتر زندگی کی تلاش شروع کر دی ہے جنہوں نے خاندانی مفادات کو فروغ دینے کے لیے کئی دہائیوں سے جموں و کشمیر کا استحصال کیا۔