جموں//گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے گورنر س گریوینس سیل کے تحت یہاں لوگوں کے مسائل بغور سنے ۔ کئی عوامی وفود اور افراد ان سے ملاقی ہوئے اور انہیں اپنے مسائل اور مطالبات کے بارے میں جانکاری دی ۔ سرکاری ملازمین کے وفود بھی مشیر موصوف سے ملاقی ہوئے اور اپنے محکموں سے متعلق معاملات سے اُنہیں آگاہ کیا۔مشیر نے تمام لوگوں کے مطالبات بغور سنے اور انہیں یقین دلایا کہ حکومت مرحلہ وار طریقے پر ان کے مسائل حل کرے گی۔انہوں نے موقعہ پر ہی کئی وفود اور افراد کے مسائل کا نپٹارا کرنے کی ہدایت دی۔بعد میں گورنر کے مشیر موصوف نے اپنے ماتحت کئی ماتحت کی کارکردگی کا جائزہ ایک میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے لیا۔ڈائریکٹر فلوری کلچر ببیلا رکوال ، محکمہ خوراک ، رسدات کے ناظم جتندر سنگھ ، سکولی تعلیم کے ناظم انورادھا گپتا ،سیاحت کے جوائنٹ ڈائریکٹر شوکت محمود ، محکمہ تکنیکی تعلیم کے جوائنٹ ڈائریکٹر کے علاوہ اعلیٰ تعلیم ، محنت و روزگار ، امداد باہمی اور محکمہ اوقاف کے افسران اس موقعہ پر موجود تھے۔مختلف محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے مشیر موصوف نے تمام محکموں کے افسران پر زور دیا کہ وہ اپنے فرائض تن دہی اور لگن سے انجام دیں۔اُنہوں نے محکمہ محنت کے افسروں کو لیبر قوانین پر سختی سے عمل کرنے اور مزدوروں کی بہبودی کے لئے ضروری اقدامات اُٹھانے کی ہدایت دی۔محکمہ پھولبانی کا جائزہ لیتے ہوئے خورشید گنائی نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ بھور کیمپ میں تفریحی پارک کی باقی ماندہ کام کو جلد از جلد مکمل کریں تاکہ اس پارک کو عوامی سہولیت کے لئے کھولا جاسکے۔اُنہوں نے باغِ بہو پارک کے بنیادی ڈھانچے میں بہتری لانے کی بھی ہدایت دی۔محکمہ تکنیکی تعلیم کے افسروں کو مشیر موصوف نے آئی ٹی آئی اور پالی ٹیکنیک کالجوں کی تعمیر میں سرعت لانے کی بھی ہدایت دی۔سکولی تعلیم محکمہ کے افسران کو مشیر موصوف نے ہدایت دی کہ وہ صوبہ بھر میں اساتذہ کی تعیناتی اُن کے علاقوں میں یقینی بنائیں۔میٹنگ میں فیصلہ لیا گیا کہ گرمائی زون کے سکولوں میں گرمائی تعطیلات جون کے پہلے ہفتے سے شروع ہوں گے۔محکمہ خوراک و رسدات کے افسروں نے مشیر موصوف کو جانکاری دی کہ ماہ مئی کے لئے غذائی اجناس پہلے ہی صارفین میں تقسیم کئے گئے ہیں ۔چند لوگوں کی طرف سے دودھ کی قیمتوں کے بارے میں جائزہ لینے کے مطالبے کے ردِّعمل میں مشیر موصوف نے متعلقہ محکمہ کو ہدایت دی کہ وہ دودھ کی قیمتوں کا از سر نو جائزہ لیں۔