ایمسٹیلوین//ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم ایف آئی ایچ خواتین ہاکی ورلڈ کپ میں انگلینڈ اور چین کے خلاف لگاتار دو ڈرا کھیلنے کے بعد جمعرات کو نیوزی لینڈ سے کرو یا مرو کے میچ میں مقابلہ کرے گی۔ اس سے قبل ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا گیا پول بی کا میچ 1-1 سے برابر رہا۔ ہندوستان اور چین کے درمیان کھیلا گیا میچ بھی اسی نتیجے پر پہنچا۔ ہندوستان کو راؤنڈ رابن لیگ کے اپنے آخری میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف جیتنا ضروری ہے ۔ چین کے خلاف ٹیم کی کارکردگی پر ہیڈ کوچ جینیک شوپ مین نے کہا کہ ہم نے مضبوط چینی دفاع کے سامنے اچھی شروعات کی، یہ ہماری بدقسمتی تھی کہ ہم میچ کے ابتدائی منٹوں میں گول نہیں کر سکے اور چوکسی نہ ہونے کی وجہ سے حریف ٹیم کو ایک گول کی سبقت دے بیٹھے ۔اس کے بعد ہم نے تھوڑی جدوجہد کی لیکن جب ہمیں جگہ ملی تو ہم نے بہتر کھیلا۔” انہوں نے مزیدکہا”پینلٹی کارنر کا گول بہت اچھا تھا لیکن ایسا لگا کہ ہم اس کے بعد آگے بڑھنا بھول گئے ۔ چین آخری مرحلے میں زیادہ جارحانہ تھا۔ ہم وہیں ہیں جہاں ہم ہیں (پوائنٹس ٹیبل میں) لیکن ظاہر ہے کہ ہم مزید پوائنٹس حاصل کرنا چاہتے ہیں ۔ ہمارا پول ناقابل یقین حد تک سخت ہے اور ان چھوٹی چھوٹی چیزوں سے فرق پڑے گا۔” ہندوستان کو کوارٹر فائنل میں پہنچنے کے لیے اپنے تیسرے پول بی میچ میں نیوزی لینڈ کو ہرانا ضروری ہوگا۔ ہندوستان اور نیوزی لینڈ پانچ سال بعد آمنے سامنے آرہے ہیں۔ دونوں ٹیمیں آخری بار مئی 2017 میں آمنے سامنے تھیں جب ہندوستان نے نیوزی لینڈ کا دورہ کیا تھا۔ اس دوران دونوں ٹیموں نے پانچ پانچ میچ کھیلے جس میں ہندوستان ایک بھی میچ نہیں جیت سکا۔ نیوزی لینڈ اس وقت پول بی میں سرفہرست ہے ۔ اپنے آخری دو میچوں میں اس نے چین کے ساتھ 2-2 سے ڈرا کھیلا ہے جبکہ انگلینڈ کو 3-1 سے شکست دی ہے ۔