محمد تسکین
بانہال// بدھ کی علی الصبح سے رام بن اور بانہال کے سیکٹر ہلکی ہلکی بارشوں کا شروع ہوا سلسلہ شام تک جاری تھا تاہم شام چھ بجے بعد سے بارشیں تھم گئی ہیں البتہ موسم مسلسل ابرآلود بنا ہوا ہے۔ بارشوں کے باوجود جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہی اور ہزاروں کی تعداد میں مسافر اور مال گاڑیوں نے دونوں کے طرف کے ٹریفک میں سفر کیا۔ ٹریفک پولیس حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بدھ کی صبح سے شام تک ہزاروں کی تعداد میں مسافر اور مال بردار گاڑیوں نے دونوں طرف کے ٹریفک میں سفر کرکے اپنی منزلوں کا رخ کیا اور یہ سلسلہ شام تک جاری تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع رام بن سے گزرنے والی شاہراہ کے کئی مقامات ماروگ اور شیر بی بی کے درمیان یکطرفہ ٹریفک کے ہی قابل ہیں جس کیوجہ سے گاڑیوں کی رفتار سست روی کا شکار ہو جاتی ہے اور خانہ بدوش کنبوں کی مال مویشیوں سمیت جاری ہجرت سے ٹریفک کا جام ہونا اور گاڑیوں کی سست رفتاری میں مزید اِضافہ ہو جاتا ہے ۔ انہوں نے مسافر گاڑی والوں سے اپیل کی ہیکہ وہ جمعرات کی صبح شاہراہ پر آنے سے پہلے موسم اور شاہراہ کی صورتحال کے بارے میں جانکاری حاصل کریں ۔
کشتواڑ میں موسلا دھار بارش ا،بالائی علاقوں میں تازہ برفباری | اننت ناگ۔سنتھن ۔کشتواڑ شاہراہ آمدرفت کیلے بند
عاصف بٹ
کشتواڑ//ضلع کشتواڑ میں گزشتہ بدھ کی صبح سے جاری موسلا دھار بارش نے عام زندگی کو متاثر کرردیاہےجبکہ بالائی پہاڑی علاقوں میں تازہ برفباری کے باعث سردی کی شدت میں بھی غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔ مسلسل بارش کی وجہ سے ندی نالوں میں پانی کی سطح بلند ہو گئی ہے اور کئی مقامات پر پانی سڑکوں پر جمع ہونے سے آمدورفت متاثر ہو رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کی صبح ہی بالائی و میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہواجو دن بھر جاری رہاجسے عام زندگی مفلوج ہوکررہ گئی۔ سنتھن ٹاپ اور اس سے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں تازہ برفباری کے بعد سنتھن روڈ کو ہر قسم کی آمدورفت کے لیے عارضی طور پر بند کر دیا گیا ۔ حکام کا کہنا ہے کہ سڑک پر برف جم جانے اور پھسلن بڑھنے کے باعث کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کے لیے یہ قدم اٹھایا گیاْاس دوران کشتواڑ قصبہ اور مضافاتی علاقوں میں بارش کے باعث بازاروں میں ویرانی چھا گئی اور تعلیمی اداروں میں حاضری بھی کم ریکارڈ کی گئی۔حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ موسم بہتر ہوتے ہی سنتھن سڑک کو دوبارہ ٹریفک کے لیے بحال کردیاجائےگا ۔
ڈوڈہ میں موسلا دھار بارشیں | رابطہ سڑکیں اور گلی کوچے زیرِ آب،دی نالوں میں طغیانی
اشتیاق ملک
ڈوڈہ // ضلع ڈوڈہ کے شہر و گام میں بدھ کے روز موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری رہا جس کے نتیجے میں عام زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ۔بارشوں کے باعث جہاں ایک طرف گرمی کی شدت میں کمی آئی ہے، وہیں دوسری جانب سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔اطلاعات کے مطابق بدھ کے روز ڈوڈہ، بھدرواہ ،ٹھاٹھری ،گندوہ بھلیسہ ،عسر مرمت کے مضافات میںشدید بارشوں کا سلسلہ جاری رہا جس کے نتیجے میں رابطہ سڑکیں و گلی کوچے زیر آب آ گئے اور ندی نالوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا۔اس دوران ڈوڈہ بٹوت کشتواڑ قومی شاہراہ پر نکاسی نظام غیر فعال ہونے کی وجہ سے بارش کا پانی سڑکوں پر جمع ہوا جس کی وجہ سے مسافر بردار گاڑیوں و عام راہگیروں کو چلنے میں کافی دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔اس دوران بیشتر دیہات میں پانی و بجلی نظام بھی متاثر ہوا ہےاور کئی مقامات پر ہلکے پتھر گر آئے تاہم آخری اطلاع ملنے تک ضلع کی اہم رابطہ سڑکوں پر ٹریفک معمول کے مطابق بحال رہا۔پھلدار درختوں و زرعی شعبے کو بھی نقصان پہنچا ہے۔