بلال فرقانی
جموں//جموں و کشمیر انتظامیہ نے تمام انتظامی سیکریٹریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا نیٹ ورکس کی نگرانی کریں تاکہ ایسے ملازمین کی نشاندہی کی جا سکے جو سرکاری پالیسیوں پر ناگوار تبصرے کرتے ہیںتاکہ انہیں نوٹس جاری کی جاسکے۔ذرائع نے بتایا کہ چیف سکریٹری اے کے مہتا نے جمعہ کو یہاں ایک میٹنگ میں جنرل ایڈمنسٹریٹو ڈیپارٹمنٹ (جی اے ڈی) کو اس سلسلے میں ایک ضروری سرکیولر جاری کرنے کی ہدایت دی۔انہوں نے کہا کہ میٹنگ کے دوران، یہ دیکھا گیا کہ کچھ سرکاری ملازمین حکومتی پالیسیوں اور کامیابیوں پر تنقید کر رہے ہیں اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ناگوار تبصرے کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مہتا نے تمام انتظامی سیکرٹریوں کو ہدایت دی کہ وہ سوشل میڈیا نیٹ ورکس کی باقاعدگی سے نگرانی کریں اور جی اے ڈی کو اطلاع کے تحت ان ملازمین کو نوٹس جاری کریں۔چیف سکریٹری کی ہدایات کی پیروی کے طور پر، ذرائع نے بتایا کہ متعلقہ ضلع مجسٹریٹس نے تمام ضلعی اور سیکٹرل افسران کو فوری پیغامات بھیجے اور انہیں ہدایت کی کہ وہ اپنے ماتحت عملے کو ہدایات کے بارے میں اس وقت تک حساس بنائیں جب تک کہ GAD ضروری سرکیولرجاری کرتا ہے۔
حکومتی پالیسیوں پر ملازمین کے تبصرے | نگرانی کرکے کارروائی کی جائےگی: انتظامیہ