سرینگر //میلادالنبیؐ کے سلسلے میں گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگرکے شعبہ کمیونٹی میڈیسن اور بلاک میڈیکل آفیسر حضرتبل کے اشتراک سے یکم ربیع الاول سے لیکر 15ربیع الاول تک آثار شریف حضرتبل میں ایک مفت طبی کیمپ کا انعقادکیا گیا جس میں ہزاروں مریضوں کا مفت علاج و معالجہ کیا گیا ۔ میڈیکل کالج سرینگر کی جانب سے زائرین کیلئے کوڈ ٹیسٹنگ اورکورونا مخالف ٹیکہ کاری کیلئے بوتھ قائم کئے گئے تھے اور ان کیمپوں میں ہزاروں لوگوں کی ٹیکہ کاری اور ٹیسٹنگ کی گئی۔ جمعہ کو مفت شوگر ٹیسٹنگ کی سہولیات بھی زائرین کیلئے دستیاب رکھی گئی تھی۔ ادھر درگاہ حضرت بل میں صورہ سکمز کی جانب سے میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں لوگوں کی بڑی تعداد کو مفت ادویات فراہم کی گئیں اور علاج و معالجہ کیا گیا۔ ڈائریکٹر سکمز ڈاکٹر اے جی آہنگر کی ہدایت پر منعقد ہونے والے کیمپ میں سکمز کے ڈاکٹروں نے خدمات انجام دیں۔ کیمپ میں ڈائریکٹر سکمز کے علاوہ، ایچ او ڈی ہاسپلٹی ڈاکٹر غلام حسن ایتو اور نگوا سکمز کے صدر اشتیاق بیگ بھی موجود تھے۔ کیمپ کے دوران لوگوں میں ماسک بھی تقسیم کئے گئے ۔ سکمز ڈائریکٹر نے عملہ کو ہدایت دی کہ لوگوں کو ابتدائی علاج کے دوران مطلوبہ ادویات فراہم کریں۔ میڈیکل کیمپ کے علاوہ سکمز کی طرف سے متعدد ایمبولینس دستیاب رکھی گئی تھیں۔ کیمپ کے انعقاد پر اوقاف اسلامیہ، انتظامیہ درگاہ حضرت بل اور لوگوں نے سراہنا کی اور ڈاکٹر اے جی آہنگر کا شکریہ ادا کیا۔