سرینگر//آزادی کاامرت مہااُتسو تقریبات کے سلسلے میں محکمہ اطلاعات کے ایک پروگرام میں قومی ترانہ گانے والوں کی عزت افزائی کی گئی۔اس موقعہ پرصوبائی کمشنر پاندورانگ پولے، مہمان خصوصی کے طور موجودتھے جنہوں نے صوبائی اور ضلعی سطح پرجیتنے والوں میں اسناداور نقدی انعام تقسیم کئے۔اس موقعہ پر اپنے خطاب میں صوبائی کمشنر نے محکمہ اطلاعات کی ایسی تقریبات کا کامیابی کے ساتھ انعقاد کرنے کیلئے سراہنا کی۔انہوں نے کہا کہ اس مقابلے میں وادی کے اضلاع میں طلباء اورطالبات نے کثیرتعداد میں حصہ لیا۔انہوں نے کہا کہ کشمیری بھی اتنے ہی محب وطن ہیں جتنے بھارت کے دیگر ریاستوں کے لوگ ہیںاورانہوں نے تمام محاذوں پرملک کی خدمات انجام دی ہیں اور فوج اورپولیس میں کام کرکے بہادری کے اعزازات حاصل کئے ہیں ۔صوبائی کمشنر نے کہا کہ75ویں یوم آزادی پر یہاں 7000 مقامات پر قومی پرچم لہرایاگیا۔انہوں نے قومی ترانہ گانے والوں کومبارکباددیتے ہوئے کہاکہ کشمیرآرٹ وادب میں زرخیز ہے اورنئے ابھرتے فنکاروں اور قلمکاروں کو بہترین پلیٹ فرام مہیا کرناوقت کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں حب الوطنی کی حقیقت کوپروان چڑھانے سے قومی یکجہتی کے طویل المدتی ثمرات حاصل ہوں گے اور مستقبل قریب میں امن وشانتی حاصل ہوگی ۔پروگرام کے دوران مختلف تعلیمی اداروں جنہوں نے قومی ترانہ گانے کے مقابلے میں حصہ لیاتھااوروہ جیت حاصل کرگئے کوانعامات سے نوازاگیا۔