سرینگر//محکمہ سیاحت جموںوکشمیر کی جانب سے منعقد کئے جانے آئیکونِک ہفتہ کے آغاز کے موقعہ پر سرینگر کے میئر جنیدعظیم متو نے ایس کے آئی سی سی سری نگر میں ایک صوفی فیسٹول ’’ سپرٹ آف جے اینڈ کے ‘‘ کا اِفتتاح کیا۔اِس موقعہ پر سیکرری سیاحت و ثقافت سرمد حفیظ ، ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر محمد اعجاز اَسد ، ناظم سیاحت کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو بھی موجود تھے۔پروگرام ’’ آغازِ نشاط ‘‘کلچرل اکیڈیمی کے اِشتراک سے تصوف پر ایک ڈسکورس کا اہتمام کیا گیا۔اِس موقعہ پر ایک صوفیانہ گیلری بھی قائم کی گئی جس میں روایتی نمونے، مخطوطات ، قرآن پاک ، بھگوت گیتاکے نایاب نسخے ، صوفی اَدب ، اُنیسویں صدی کے تانبے ، پیتل کے برتن اور انیسویں صدی کے آلات موسیقی کی نمائش کی گئی۔اِس موقعہ پر جنیدعظیم متو پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے موجود تھے ۔اُنہوں نے جموںوکشمیر کے فزیکل اور ثقافتی ورثے کے تحفظ اور اِس کی اگلی جنریشن تک سب کی اِجتماعی ذمہ داری کے طور پر منتقل کرنے پر زور دیا۔اُنہوں نے کہا ،’’ قومی کامیابی کا اِنحصار اِس بات پر ہے کہ ہمیں آباء و اجداد سے کیا وراثت ملی ہے اور جو ہم اَپنی اگلی جنریشن کو دیتے ہیں۔‘‘اُنہوں نے کہا کہ جموںوکشمیر کے پاس ثقافتی خزانہ ہے اور پوری دُنیا میں اس کا کوئی متوازی نہیں ہے ۔اُنہوں نے کہا،’’ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اَپنے ورثے ، ثقافت ، زبانوں کو محفوظ رکھیں جو ہماری شناخت ہے اور اسے اَپنی آنے والی نسلوں تک پہنچانا ہے۔‘‘اُنہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اپنے ورثے کی قدر کرنے کی اہمیت کو سمجھیں اور اسے روزمرہ کی زندگی کا حصہ بنائیں۔سری نگر میئر جنید عظیم متو نے اِس طرح کی تقریبات کی اہمیت پر اُجاگر کرتے ہوئے سری نگر میں شعراء ، صوفی ثقافت ، اَدب پر صوفی فیسٹولوں کی مزید تقریبات کے اِنعقاد پر زور دیا۔اِس موقعہ پر شکریہ کہ تحریک پیش کرتے ہوئے سیکرٹری سیاحت و ثقافت سرمدحفیظ نے کہا کہ آئیکونِک ہفتہ کا اِنعقاد جموںوکشمیر میں تمام موسمی سیاحتی مقامات کو فروغ دینے کے لئے کیا گیا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ ہفتہ بھر کی تقریبات کے دوران جموں و کشمیر کے مختلف سیاحتی مقامات پر ہمارے فن، ثقافت، ضیافتیں، نوادرات، مخطوطات، مذہبی سیاحتی پروگراموں کی نمائش کے لئے مختلف پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت سیاحت کے فروغ کے لئے 75 سیاحتی مقامات پر صوفی فیسٹول بھی منعقد کرے گی۔فیسٹول کے دوران پنلسٹوںمیں چیئرمین وقف ترقیاتی کمیٹی ڈاکٹر درخشاں اَندرابی ، ڈاکٹر آفاق عزیز ، ڈاکٹر غلام نبی حلیم ، ڈولی تکو شامل تھے جنہوں نے تصوف پرروشنی ڈالی۔پروگرام کی نظامت کے فرائض قومی سطح کے مشہور شخصیت وسعت اقبال اور ستیش وِمل نے انجام دی۔اِس موقعہ پر ایک دستاویزی ’’ پیر وار ‘‘ بھی پیش کی گئی اور بعدمیں مومنٹوز پیش کئے گئے۔