جی 20ٹورازم کانفرنس اختتام پذیر مندوبین گالف سے لطف اندوز ، مغل باغات کی سیراور پولو وویو کا دورہ

SRINAGAR, MAY 24 (UNI):- Women foreign delegates of G20 in traditional Kashmir colorful costumes clicked pictures at famous Nishat Mughal Garden on the bank of Dal Lake in Srinagar on the last day of a three day event. UNI PHOTO-86U

 جموں وکشمیر کے سیاحتی شعبے سے منسلک افراد اور مہمانوں کے درمیان گفت وشنید

یو این آئی

سرینگر//سری نگر میں منعقد ہونے والاسہ روزہ تاریخی جی ٹونٹی ٹورازم ورکنگ گروپ اجلاس بدھ کے روز اختتام پذیر ہوا۔اجلاس کے آخری دن برستی بارشوں کے بیچ مندوبین مختلف سرگرمیوں میں مصروف رہے اور وہ مغل باغات کی پر کیف و دلکش نظاروں سے بھی لطف اندوز ہوئے۔حکام کے مطابق مندوبین نے بدھ کی صبح، گرینڈ للت ہوٹل جہاں وہ مقیم تھے، کے وسیع احاطے میں یوگا سیشن میں حصہ لیا۔انہوں نے بتایا کہ مندوبین اور بھارت کی جی ٹونٹی کے شرپا امیتاب کانٹ نے چشمہ شاہی کے نزدیک واقع رائیل سپرنگ گالف کورس میں گالف بھی کھلیا۔بعد ازاں مندوبین نے شہرہ آفاق جھیل ڈل کے کنارے پر واقع مشہور نشاط باغ کی سیر کی اور اس کے دلکش نظاروں سے لطف اندوز ہوئے۔اس باغ میں مندوبین کو سیاحوں کے ساتھ تصویریں کھینچتے ہوئے دیکھا گیا اور بعض خواتین مندوبین نے کشمیر کا مخصوص روایتی لباس زیب تن کرکے گروپ تصویریں بھی کھینچیں۔بعد سہ پہر مندوبین نے لالچوک میں واقع سرینگر سمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت آراستہ و پیراستہ پولوویو مارکیٹ کا دورہ کیا۔

 

 

 

مندوبین نے اس مارکیٹ میں قریب ایک گھنٹے تک قیام کیا اور اس دوران انہوں نے مختلف قسموں کی چیزوں خاص طور پر ڈرائی فروٹ اور کشمیری شال وغیرہ کی شاپنگ کی۔اس موقع پر نیدر لینڈز کے سفیر جوائس نے میڈیا کے نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ اس اجلاس سے بہتر نتائج بر آمد ہونے کی توقع رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیر ایک بہت ہی خوبصورت جگہ ہے اور حکومت نے بھی اس اجلاس کے لئے بہترین انتظامات کئے ہوئے تھے۔کوریا کے سفیر چینگ جے بوک نے نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران بتایا کہ کشمیر واقعی میں جنت کا ایک ٹکڑا ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہاں آکر خوشی ہوئی اور یہاں کے لوگوں نے جس طرح سے مہمان نوازی کی وہ سراہنا کے قابل ہے۔برازیل کے مندو ب نے کہاکہ پچھلے تین روز سے کشمیر کے قدرتی نظاروں سے لطف اُٹھایا ۔ انہوں نے کہاکہ جی ٹونٹی اجلاس کے دوران جموںوکشمیر میں سیاحتی شعبے کو مزید بنانے پر زور دیا گیا ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ یہاں آکر بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے۔ سنگار پور کے ممبر نے نامہ نگار وں سے بات چیت کے دوران بتایا کہ شہر سری نگر کافی خوبصورت ہے اور جھیل ڈل نے اس کی خوبصورتی کو دوبالا کیا ہے۔

 

 

 

انہوں نے کہاکہ جی ٹونٹی میٹنگ کے دوران جموں وکشمیر کے سیاحتی شعبے پر ممبران ممالک کے درمیان گفت وشنید ہوئی۔ انہوں نے مزید کہاکہ کشمیر دنیا کی خوبصورت ترین جگہوں میں ایک ہے اور یہاں پر بار بار آنے کو جی چاہتا ہے۔ بتادیں کہ سری نگر میں 22 مئی کو سہ روزہ جی ٹونٹی ٹورزم ورکنگ گروپ اجلاس شروع ہوا تھا۔یہ دفعہ 370 کی تنسیخ کے بعد جموں وکشمیر میں منعقد ہونے والا سب سے برا بین الاقوامی سطح کا اجلاس ہے۔حکام نے بتایا کہ انتہائی اہمیت کے حامل اس اجلاس میں شرکت کرنے کے لئے زائد از 70 مندوبین پیر کی صبح دہلی سے دو چارٹرڈ پروازوں کے ذریعے سری نگر پہنچے تھے۔وادی کشمیر میں منعقد ہونے والے اس اجلاس کی نگرانی کے لئے تین درجے کی سیکورٹی گرڈ کا بندوبست کیا گیا ہے اور مقام اجلاس کے گرد وپیش نیشنل سیکورٹی گارڈز (این ایس جی) اور مارکوس کماننڈوز کو تعینات کیا گیا ہے اور اس کے علاوہ فضائی نگرانی کے لئے ڈرون نصب کئے گئے ہیں۔

 

 

 

وزیر اعظم مودی کا فعال کردار
ہندوستان اور دیگر ممالک کیلئے فائدہ مند:میکسیکو
نیوز ڈیسک

سرینگر//میکسیکو کے سفیر نے بدھ کو کہا کہ جہاں تک G20 اجلاس کا تعلق ہے، وزیر اعظم نریندر مودی نے ایک فعال کردار ادا کیا ہے اور یہ تقریب میکسیکو کے لیے اولین ترجیح ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کا ملک ان تقریبات میں زیادہ سے زیادہ شرکت کرے گا۔ صحافیوں سے بات کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے سربراہی اجلاس میں فعال کردار ادا کیا ہے اور وہ ملاقاتوں سے حیران رہ گئے ہیں۔ ضمنی تقریبات اور مقامی چیمبرز کے ساتھ ملاقاتیں ہوئی ہیں، اوریہ تمام فعال کردار ہندوستان اور دیگر ممالک کے لیے بھی فائدہ مند ہوں گے۔تاہم، انہوں نے سرینگر میں ہونے والے پروگرام میں چین کی عدم شرکت پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا، لیکن کہا کہ G20 میکسیکو کے لیے اولین ترجیح ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ “جتنا ممکن ہو، ہم ان تقریبات میں شرکت کرنا چاہتے ہیں۔