جھجرکوٹلی جموں سڑک حادثہ | ڈاکٹر فاروق ، عمر،آزاد اور بخاری کا اظہارِ رنج

سرینگر// نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ، نائب صدر عمر عبداللہ ،ڈی پی اے پی چیئرمین غلام نبی آزاد اور اپنی پارٹی کے چیئرمین الطاف بخاری نے جھجرکوٹلی جموں میں المناک سڑک حادثے میں 10یاتریوں کے لقمہ اجل بن جانے ۱ور55دیگر کے زخمی ہونے پر دکھ کا اظہار کیا۔ نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے حادثے میں لقمہ اجل بنے افراد کے اہل خانہ اور لواحقین کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے لقمہ اجل بنے افرادکے لواحقین کو یہ صدمہ عظیم برداشت کرنے کیلئے دعا کی۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ زخمی افراد کو بہتر سے بہتر علاج و معالجہ یقینی بنائے ۔

 

پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ ،جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، ٹریجرر شمی اوبرائے، صوبائی صدور ناصر اسلم وانی، ایڈوکیٹ رتن لعل گپتا، سینئر لیڈران اجے سدھوترا، بھوشن لعل بٹ اور دیگر لیڈران نے بھی المناک حادثے پر دکھ کا اظہار کیاہے۔ڈیموکریٹک پروگریسو آزاد پارٹی(ڈی پی اے پی)کے چیئرمین غلام نبی آزاد نے گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ان کی ہدایت پرپارٹی کے سینئر لیڈروں کے ایک گروپ نے ہسپتال جاکر وہاں زخمیوں کی عیادت کی اور انہیں طبی سہولیات بہم رکھنے پر زور دیا۔ ایک تعزیتی بیان میں آزاد نے کہا ’’میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ دلی تعزیت کرتا ہوں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتا ہوں‘‘۔ حادثے کی اطلاع ملنے کے فورا بعد آزاد نے پارٹی لیڈروں اور کارکنوں سے کہا کہ وہ جائے حادثہ پر جاکرزخمیوں اور متاثرین کو ہر طرح کی مدد فراہم کریں۔

 

چیئرمین ڈی پی اے پی کی ہدایت پر جنرل سکریٹری آر ایس چِب، چیف ترجمان سلمان نظامی اور ضلع صدر جموں (اربن)گورو چوپڑا نے ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی اور ہر ممکن مدد کی۔انہوں نے سوگوار خاندانوں سے اظہار یکجہتی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔آزاد نے حکومت پر زور دیا کہ وہ زخمیوں کو تمام طبی امداد اور متاثرین کے لواحقین کو معاوضہ فراہم کرے۔

 

آزاد نے ٹھاٹری ڈوڈہ میںٹرک حادثہ میں 2افراد کے غرقآب ہونے پر بھی دکھ کا اظہار کیا ۔ اپنی پارٹی سربراہ الطاف بخاری نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ بخاری نے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں متاثرہ کنبوں کو ڈھارس بندھانے کیلئے کوئی الفاظ نہیں۔ اللہ تعالی انہیں اس صدمے سے ابھرنے کی ہمت و حوصلہ عطا کرے۔ اپنی پارٹی ان متاثرہ کنبوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔اپنی پارٹی نے حادثے میں زخمی ہوئے افراد کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے انتظامیہ پر زور دیا کہ انہیں بہتر سے بہتر علاج و معالجہ فراہم کرنے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کیا جائے۔ ساتھ ہی پارٹی نے ہلاک شدگان کے ورثا کو ایکس گریشیا ریلیف فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔