سرینگر// شبانہ درجہ حرارت میں بہتری کے ساتھ ہی وادی کشمیر میں منجمند نلوں میںپانی سپلائی بحال ہونے لگی جس کے نتیجے میں لوگوں نے راحت کی سانس لی ۔ چلہ کلان میں مسلسل شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے رہنے اور ریکارڈ توڑ سردیوں کے باعث آبی ذخائر اور گھروں میں تمام نل منجمند ہوئے تھے۔نل جم جانے سے شہر اور قصبوں میں پینے کے پانی کی ہا ہا کار مچی رہی۔جل شکتی محکمے کو 150ٹینکروں کو پانی کی سپلائی ممکن بنانے کیلئے کام پر لگانا پڑا۔ ایسا وادی میں پہلی بار ہوا ہے کہ چلہ کلان میں پینے کا پانی فراہم کرنے کیلئے پانی کے ٹینکر وں کو استعمال کرنا پڑا۔ گزشتہ 10 روز میں کچھ علاقوں میںلوگوں کو صبح کے اوقات چہرہ دھونے کیلئے بھی پانی دستیاب نہیں تھا ۔ چلہ کلان کی رخصتی کے دوسرے روز سے شبانہ درجہ حرارت میں بہتری ریکارڈ ہوئی جس کے ساتھ ہی آبی ذخائر پگھلنے لگے جبکہ نلوں میں بھی پانی کی سپلائی بحال ہونے لگی جس کے نتیجے میں لوگوں نے راحت کی سانس لی ۔