کانگریس
جموں //جموں ۔پونچھ پارلیمانی حلقہ کے کانگریسی اُمید وار رمن بھلہ نے پیر کے روز یہاں ڈی سی آفس میں اپنے کاغذات نامزدگی دائر کئے ۔ اس موقعہ پر ہزاروں کی تعداد میں پارٹی کے کارکن کارں ،سکوٹروں ،موٹر سائیکلوں اور یہاں تک کہ گھوڑوں پر سوار تھے۔کارکناں ڈھول نگاڑے لیکر ان کے ہمراہ تھے۔پارٹی کے پردیش صدر جی اے میر کے علاوہ ضلع کانگریس کمیٹی کے اہم لیڈران بھی اس موقعہ پر موجود تھے، جن میں سابقہ نائب وزیر اعلیٰ تارا چند، سابقہ وزیر مولا رام ، اجے سدھوترہ، مشتاق بُخاری، آر ایس چب، رگزن جور ا،سابقہ ایم ایل اے ٹھاکور بلوان سنگھ ،اعجاز جان ،پارٹی کے جنرل سیکرٹری ٹھاکور موہن سنگھ ،رتن لعل گپتا وغیرہ شامل تھے۔اس موقعہ پر اپنے خطاب میں پارٹی صدر نے کہا کہ رمن بھلا کو پارٹی کو ترقیاتی آدمی بھی کہا جاتا ہے،اورریاست کا عوام ا نہیں عزت کی نگاہوں سے دیکھتے ہیں۔انہوں نے عوام سے کانگریس کو زمینی سطح پر مستحکم کرنے اورپارٹی کو انتخابات میں حمایت کرنے کی اپیل کی۔اپنے خطاب میں حلقہ کے امیدوار رمن بھلہ نے کہا کہ گُذشتہ پانچ برسوں میں بیروز گاری میں کافی اضافہ ہوا ہے اور عوام کو بی جے پی کے ناپاک عزائم کی جانکاری حاصل ہوئی ہے۔انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ لوگوں کی بھاری اکثریت انکے حق میں ووٹ ڈال کر اسے بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں گے۔
ڈوگرہ سوابھیمان سنگٹھن
ڈوگرہ سوابھیمان سنگٹھن پارٹی کے سرپرست اعلیٰ چودھری لعل سنگھ نے پیر کے روز جموں ۔پونچھ پارلیمانی حلقہ سے اپنے کاغذات نامزدگی دائر کئے۔ڈوگرہ لباس میں ملبوس لعل سنگھ نے ہزاروں کارکنوں کی ایک ریلی میں یہاں اپنے نامزدگی کاغذات دائر کئے۔اس سے قبل لوگوں کی ایک بڑی تعداد لعل سنگھ کی رہائش گاہ پر اکٹھا ہوئے اور اسکی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔بعد ازاں لعل سنگھ کو ایک ریلی میں الیکشن دفتر تک لیا گیا ۔انکے ہمراہ سابقہ سابقہ ایم ایل اے کانتا اندوترہ ،پارٹی کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر ہری دت بھی تھے۔
ہندوستان نرمان دل
ہندوستان نرمان دل کے امیدوار سوشیل کمار سودن نے پیر کے روز یہاں ضلع الیکشن آفس میں جموں ۔پونچھ پارلیمانی حلقہ سے بطور امیدوار اپنی نامزدگی دائر کی۔ پارٹی صد ر ڈاکٹر پروین تگڑیا کی ہدایت پر انہوںنے پارٹی کے سینئر لیڈروں کی موجودگی میںاپنے کاغذات نامزدگی دائر کئے۔اس موقعہ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انکی پارٹی کا ایجنڈا ملک خصوصاً جموں خطہ کے حقوق کا تحفُظ کرنا ہے۔انہوں نے بی جے پی کی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جموں خطہ نے پارٹی کو بھر پور حمایت دی لیکن انہوں نے لوگوں کے لئے کُچھ نہیں کیا۔
شو سینا بالا صاحب ٹھاکرے
جے اینڈ کے شو سینا بالا صاحب ٹھاکرے نے ریاست میں تاریخ رقم کر جموں ۔پونچھ پارلیمانی حلقہ سے نامزدگی دائر کی ۔پارٹی کے امیدوار منیش ساہنی کو ہزاروں لوگوںکی ایک ریلی میں الیکٹورل دفتر تک لیا۔ انکے ہمراہ پارٹی کی ریاستی صدر ڈمپی کوہلی بھی تھے۔اس موقعہ پر انہوں نے کہا کہ پارٹی کا ایجنڈا جموں کو اپنے حقوق دلانا ہے۔اشونی گپتا، ہریش کمار گپتا، راجیش کاک، سرجیت سنگھ چب، راج سنگھ ، وکاس بخشی، راجو لاریہ، پون سنگھ ،گنیشن لعل، منگو رام ، بلونت چب، سکندر چب، و دیگر کارکناں انکے ہمراہ تھے۔