سرینگر//لائن آف کنٹرول پر ہند پاک کے مابین جاری کشیدگی کے بیچ ڈائر یکٹر جنرل بی ایس ایف راکیش استھانہ نے واضح کیا ہے کہ سرحدوں پر پاکستان کی کسی بھی کارروائی کا بھر پور جواب دینے کیلئے تیار ہے ۔ایک تقریب کے دوران میڈیا نمائندوں کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میںراکیش استھانہ نے کہاکہ جموں کشمیر میں حالات کو بہتر بنانے کیلئے سیکورٹی ایجنسیوں کی جانب سے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سرگرم جنگجووں کے خلاف بڑے پیمانے پر جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا گیا ہے جس کے زمینی سطح پر مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جموں کشمیر میں دن بدن حالات معمول پر آرہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرکے جنگجوئوں کو اس پار دھکیل نے کوشش کر رہا ہے تاہم ان کی ان کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔نوجوانوں کے جنگجوئیت کی طرف مائل ہونے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے ڈی جی بی ایس ایف نے کہاکہ صورتحال کافی بدل چکی ہیں وادی کشمیر کا نوجوان اب تعلیم ، ترقی اور بہتر معیشت کی فکر میں لگا ہواہے اسے مقابلہ آرائی کا سامنا ہے اور غیر قانونی سرگرمیوں سے وہ دور رہنے کی بھر پور کوشش کررہا ہے۔ سی این آئی کے مطابق انہوںنے کہا کہ پاکستان کی جانب سے ڈرون کے ذریعے اسلحہ اور منشیات پہنچنے کی کارورائیاں ایک نیا چیلنج بن چکی ہے تاہم پاکستان کی جانب سے ہونے والی ہر کوشش کو ناکام بنایا جائے گا ۔