جموں// جموں پٹھان کورٹ شاہرا ہ پر تیز رفتار گاڑی نے موٹر سائیکل کو ٹکر ماردی جس وجہ سے شوہر کی برسر موقع ہی موت واقع ہوئی جبکہ اس کی بیوی شدید طورپر زخمی ہوئی۔اطلاعات کے مطابق جموں پٹھان کورٹ شاہراہ پر دیال چوک کے نزدیک ایک تیز رفتار گاڑی نے مخالف سمت سے آرہے ایک موٹر سائیکل کو زور دار ٹکر ماری جس وجہ سے میاں بیوی شدید طورپر زخمی ہوئے۔معلوم ہوا ہے کہ زخمیوں کو طبی امداد کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہاں پر تعینات ڈاکٹروں نے شوہر کو مردہ قرار دیا جبکہ بیوی کی حالت بھی نازک بنی ہوئی ہے۔دریں اثنا پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی۔ ادھر دیر شام کشتواڑ ضلع کے سب ڈویژن پاڈر میںاوگھائی سڑک پر کام کررہے ایک جی سی بی آپریٹر سمیر احمد ولد فاروق احمدساکن کوچھال اُس وقت لقمہ اجل بن گیا جب اُن کا جے سی بی ایک بھاری پتھر کی زد میں آیا ۔آخری اطلاعات ملنے تک جی سی بی آپریٹر کی لاش بھاری پتھر ہٹاکر نکالنے کی کوششیں کی جارہی تھیں۔اس سے قبل بعد دوپہر ضلع کشتواڑ کے دورافتادہ علاقہ واڑوان میں پیش آئے ایک سڑک حادثے میں میں 9 افراد زخمی ہو گئے ہیں جن میں سے دو کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔یہ حادثہ گزر علاقے میں اُس وقت پیش آیا جب لوڈ کیریئر گاڑی زیرنمبر JK19-9700 ڈرائیورسے بے قابو ہوکر لڑھک گئی جس کے نتیجے میں 9 افراد زخمی ہو گئے تھے۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ زخمی افراد کی شناخت گاڑی کا ڈرائیور سجاد احمد ولد محمد یوسف ساکنہ ڈانڈیپورہ اننت ناگ ،کوثرہ بیگم زوجہ ارشد ساکنہ مانسر سانبہ ، محمد جبار ولد محمد شفیع ساکنہ منگلی واڑون ، جمیلہ بیگم زوجہ محمد جبار ،عارف احمد ولد محمد جبار ، عاصف محمد ولد محمد جبار ،عرمینہ ولد محمد جبار، سافیہ بیگم زوجہ محمد شریف و شبنم بیگم ولد محمد شریف ساکنہ منگلی کے طورہوئی۔ادھر پولیس نے اس سلسلے میں مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔بی ایم او نے کشمیر عظمیٰ کوبتایا کہ چھ افراد کو مزید علاج و معالجے کیلئے اننت ناگ منتقل کیا گیا جبکہ تین افراد کو مرہم پٹی کے بعد چھٹی دی گئی ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ ایلوپیتھک ڈسپنسری میں تعینات لیڈی ڈاکٹر نے مریضوں کو دیکھنے سے منع کردیاجس پر مقامی لوگوں نے سخت غصے کااظہاار کیا ۔بی ایم او دچھن نے بتایا کہ اسطرح کا کوئی واقعہ پیش نہیںآیا۔انہوںنے کہا کہ لیڈی ڈاکٹر ،دو فارماسسٹوں و دیگر عملے نے زخمیوں کی ابتدائی مرہم پٹی کی جسکے بعد انھیں مزید علاج کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا ۔