جموں پونچھ شاہراہ سرنکوٹ مدانہ پسی گرنے سے بند گھنٹوں انتظار کے بعد سڑک بحال، تاحال زمین کھسکنے کا خدشہ

 بختیار کاظمی

سرنکوٹ// جموں پونچھ شاہراہ پر سرنکوٹ مدانہ کے مقام پرپسی گرآنے سے شاہراہ کئی گھنٹوں تک بند رہی جس کے بعد ملبہ ہٹاکرشاہراہ کو ٹریفک کی آمدورفت کیلئے بحال کردیاگیا۔خیال رہے کہ جموں پونچھ شاہراہ پر تعمیر کا کام بڑے پیمانے چل رہا ہے۔ سڑک کو کشادہ کرنے کے لیے بڑی مشینری کو لگا کر کٹائی کی جا رہی ہے جس سے پسیاں گرنےکا اندیشہ ہے۔ صبح لگ بھگ آٹھ بجے کے قریب مدانہ کے مقام پر دو طرفہ ٹریفک جام اس وقت لگا جب ایک پہاڑ کھسک گیا اور مٹی کےتودے گرنے لگے اورسڑک پر وسیع ملبہ کا ڈھیر لگ گیاجس کے سبب گھنٹوں تک جام لگ گیا‌اورکئی گاڑیاں درماندہ ہوگئیں۔درماندہ مسافروں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ تعمیراتی ایجنسی کو چاہئے کہ وہ اتنا ہی کھدائی کرے جتنا سنبھالا جا سکے اور مظبوط باندھ لگائے جائیں۔ انھوں نے کہا کہ اگر یہی حالت رہی تو مذکورہ شاہراہِ پر کئی جانیں جا سکتی ہیں۔انہوںنے کہا کہ بہت بڑا خطرہ لاحق ہے،زمینیں کھسک رہی ہیںاور موسم خراب ہے تاہم مشینری کوملبے کو ہٹانے میں کافی وقت لگ گیا جس کے بعد ٹریفک آمدورفت بحال ہو سکی۔