عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//آج یعنی 21مارچ بروز ہفتہ کوجنوبی ایشیا ء بشمول جموں وکشمیرمیں عیدالفطر کی تقریب سعیدانتہائی عقیدت واحترام اور تزک واحتشام کیساتھ منائی جارہی ہے ۔ امسال ماہ مبارک کے پورے 30دن مکمل ہوئے ہیں۔ پچھلے کئی روز سے بازاروں میں لوگوں کا رش بڑھ گیا تھا اور لوگ زیادہ تر بچوں کیلئے مخصوص دکانوں پر دیکھے گئے۔اسکے علاوہ حسب معمول بیکری شاپس پر بھاری بھیڑ نظر آتی تھی نیز قصابوں اور سبزی فروشوں کے ہاں بھی زیادہ رش دیکھا گیا۔خراب موسم اور پچھلے تین دن سے لگاتار بارشوں کے باوجود بازاروں میں خاصی بھیڑ دیکھی گئی اور لوگ عید کی خریداری میں مصورف دیکھے گئے۔
عید کے موقعہ پر مساجد ،خانقاہوں اور امام باڑوں میں نماز عید کے بڑے بڑے اجتماعات منعقد ہونے جارہے ہیں۔امسال خراب موسمی صورتحال کی بدولت نماز عیدالفطر کی ادائیگی عید گاہوں میں نہیں ہوسکے گی۔ جمعہ کے روز موسم مجموعی طور پرخشک اور خوشگواررہنے کے پیش نظر آج محکمہ موسمیات نے ابر آلود مگر خشک موسم کی پیشگوئی کی ہے۔جموں وکشمیرمیں نماز عیدالفطر کا سب سے بڑااور عظیم الشان اجتماع درگاہ حضرت بل سری نگرمیں منعقد ہوگا،جہاں پورے شہر اور مختلف نزدیکی علاقوں سے ہزاروں لوگ آکر نماز عید ادا کرتے ہیں ۔سری نگر سمیت وادی بھرمیں واقع جامع مساجد،امام بارہوں ۔خانقاہوں میں بھی نماز عیدکے بڑے بڑے اجتماعات منعقد ہونگے ۔کشمیرکے دیگر سبھی9 اضلاع کیساتھ ساتھ جموں خطے کے تمام 10اضلاع میں بھی نمازعیدالفطر کے روح پروراجتماعات کاانعقاد ہوگا،جن میں لاکھوں مسلمان بشمول بچے وبزرگ ،نوجوان اور ہزاروں باپردہ خواتین بھی تزک واحتشام کیساتھ شرکت کریں گی۔
ایل جی اور وزیراعلیٰ کی مبارکباد
جموں+ سرینگر// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے عید الفطر کے موقع پر لوگوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔ اپنے پیغام میں لیفٹیننٹ گورنر نے کہا ہے کہ عید الفطر کے پرمسرت موقع پر میں سب کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ عیدالفطر کا تہوار، ایک گہری روحانی اور سماجی اہمیت کا موقع ہے۔ مقدس تہوار قربانی کے عظیم جذبے اور بانٹنے کی خوشی کو مجسم کرتا ہے۔ اس مبارک دن پر، آئیے ہم غریبوں اور ناداروں کی زندگیوں کو بلند کرتے ہوئے انسانیت کی خدمت کا عہد کریں۔وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے عید الفطر اور نوروز کے پرمسرت موقعوں پر مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے پیغام میںانہوں نے کہا کہ یہ تہوار اللہ تعالی کا شکر ادا کرنے اور ماہ مقدس کے دوران پروان چڑھنے والی ہمدردی، سخاوت اور اتحاد کی اقدار کو منانے کا موقع ہے۔انکا کہنا تھا”عید ایک خوشی کا موقع ہے جو لوگوں کو رمضان کی برکات کو منانے کے لیے اکٹھا کرتا ہے ،یہ خوشی پھیلانے اور ضرورت مندوں کی مدد کرنے کا وقت ہے،” ۔وزیر اعلی نے مزید کہا کہ یہ تہوار فرقہ وارانہ ہم آہنگی، مشترکہ وراثت اور ثقافتی شمولیت کی بھرپور عکاسی کرتا ہے جو جموں و کشمیر کی تعریف کرتا ہے، اتحاد اور امن کے جذبے کو تقویت دیتا ہے۔