جموں//بیک ٹو ولیج پروگرام کے پہلے مرحلے کے دوسرے دن جموں خطے کی مختلف پنچائیتوں میں آج گرام سبھاؤں اور مہلا گرام سبھاؤں کے انعقاد کے علاوہ مقامی لوگوں ، پنچوں اور سرپنچوں کے ساتھ افسروں نے تبادلہ خیال کیا ۔افسروں نے حکومت کی جانب سے عملائی جا رہی سکیموں کی عمل آوری سے متعلق لوگوں کے ردِ عمل کے بارے میں جانکاری حاصل کی اور لوگوں کو درپیش مشکلات کے بارے میں تفصیلات طلب کی ۔ گرام سبھاؤں کے نام وزیر اعظم کا پیغام بھی پڑھ کر سُنایا گیا ۔
جموں میں بیک ٹو ولیج پروگرام کے دوسرے دن 113 پنچائیتوں میں آج گرام سبھائیں منعقد کی گئیں جن میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ نامزد افسروں نے پنچائتی راج اداروں کے نمائیندوں کے ساتھ عوامی اہمیت کے حامل معاملات پر تبادلہ خیال کیا ۔ اس دوران ان پنچائیتوں میں آج مہلا گرام سبھائیں بھی منعقد کی گئیں ۔ لوگوں کو پی ایم کسان اور پی ایم شرم یوگی من دھن یوجنا اور دیگر سکیموں کے بارے میں جانکاری دی گئی ۔ ڈپٹی کمشنر جموں رومیش کمار نے ضلع کی کئی پنچائیتوں کا دورہ کر کے پروگرام کی عمل آوری کا جائیزہ لیا اور لوگوں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا ۔ اس موقعہ پر چوادی پنچائت میں کمیونٹی سنٹر کمپلیکس کا افتتاح کیا گیا اور لاڈلی بیٹی سکیم کے تحت نئے معاملات کے حق میں منظوری دی گئی ۔
اودھمپور میںپروگرام کے دوسرے دن افسروں نے مقامی لوگوں کے علاوہ پنچوں اور سرپنچوں کے ساتھ گرام سبھاؤں میں تمادلہ خیال کیا ۔ مقامی لوگوں نے اپنے کئی مطالبات افسروں کی نوٹس میں لائے ۔ پرنسپل سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقی روہت کنسل نے سرد پنچائت کے دورے کے دوران لوگوں کو فراہم کی جانے والی خدمات اور بنیادی ڈھانچے کا جائیزہ لیا ۔ انہوں نے لوگوں کے ساتھ تبادلہ خیال کے دوران انہیں سرکاری سکیموں کے بارے میں جانکاری دی ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پنچائتی راج ادارے لوگوں کی فلاح و بہبود کیلئے فراہم کی جانے والی رقومات کا منصفانہ استعمال کریں گے تا کہ عوامی بہبود کو یقینی بنایا جا سکے ۔ کمشنر سیکرٹری صحت عامہ ، آبپاشی و فلڈ کنٹرول اے کے ساہو نے چنینی بلاک میں پچوٹ پنچائت کا دورہ کیا اور پنچائتی نمائیندوں کے علاوہ گرام پنچائت میں علاقے کے لوگوں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا ۔ انہوں نے لوگوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی سے متعلق انہیں درپیش مشکلات کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔ مختلف پنچائیتوں میں آج یوگا کے عالمی دن کے سلسلے میں بھی تقریبات منعقد ہوئیں ۔ اس موقعہ پر لوگوں کو سرکاری فلاحی سکیموں کے بارے میں جانکاری دی گئی ۔ ریلیف کمشنر ٹی کے بٹ ، ڈائریکٹر رورل سینی ٹیشن لینا پادھا ، ڈیژنل کمشنر جموں کے دفتر میں ایڈیشنل کمشنر منیشا سرین ، رجسٹرار جے اینڈ کے سپیشل ٹربیونل نیتو گپتا ، ڈائریکٹر کوڈس شادی لال پنڈتا ، کلکٹر جے ڈی اے نریندر کور ، ایف اے /سی اے او مانو گپتا ، ڈپٹی سیکرٹری فائنانس ڈاکٹر ذاکر اور دیگر افسروں نے بھی متعلقہ پنچائیتوں کا دورہ کیا ۔
کٹھوعہ میں بھی آج کئی گرام سبھاؤں کا انعقاد کیا گیا جس دوران لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے اپنے مطالبات متعلقہ افسروں کی نوٹس میں لائے ۔ضلع کے اے ڈی ڈی سی ڈاکٹر شبھرا شرما اور اے سی ڈی سکھپال سنگھ نے کئی پنچائیتوں کا دورہ کر کے لوگوں سے تلقین کی کہ وہ کھیتوں کیلئے ورمی کمپوسٹ یونٹ قایم کریں ۔ لوگوں کو بتایا گیا کہ پنچائیتوں کو مڈ ڈے میل سکیم اور دیگر سکیموں کے سلسلے میں اختیارات تفویض کئے گئے ہیں ۔ کور پنو میں گرام سبھا کے دوران اے ڈی ڈی سی نے ایم جی نریگا جاب کارڈس کی ویری فکیشن کے احکامات دئیے ۔
سانبہ میں بیک ٹو ولیج پروگرام کے دوسرے دن کئی پروگرام منعقد کئے گئے ۔ ڈپٹی کمشنر سشما چوہان نے مڈون ، پٹلی ، سنگوالی ، اپر کرتھولی ، نوناتھ اور راج پورہ پنچائت حلقوں کا دورہ کر کے عوام کے ساتھ تبادلہ خیال کیا ۔ انہوں نے پروگرام کے دوران عملائی جا رہی سرگرمیوں کے بارے میں بھی جانکاری حاصل کی ۔ اس دوران پنچائیتوں کا دورہ کرنے والے نامزد افسروں نے بھی گرام سبھاؤں میں حصہ لیا ۔ نامزد افسروں نے کسانوں میں بیج اور مویشیوں کیلئے ادویات بھی تقسیم کی ۔ لاڈلی بیٹی سکیم کے کئی مستحقین کو پاس بُک بھی فراہم کئے گئے ۔ ضلع کی کئی پنچائیتوں میں مہلا گرام سبھائیں بھی منعقد ہوئیں جن میں خواتین کی ایک بڑی تعداد نے حصہ لیا ۔ اس دوران کئی پنچائیتوں میں یوگا کے بین الاقوامی دن کے سلسلے میں پروگرام منعقد ہوئے ۔ جن دیگر افسروں نے پنچائیتوں میں پروگراموں میں شرکت کی اُن میں ایس ڈی ایم وجے کمار ، ڈسٹرکٹ سوشل ویلفئیر افسر دیپ کمار ، سی ایم او راجندر سمیال ، ڈسٹرکٹ پروگرام افسر جیوتی سلاتھیہ اور اسسٹنٹ کمشنر ڈیولپمنٹ ایم ایل تاسیر بھی شامل ہیں ۔
رام بن میں بیک ٹو ولیج پروگرام کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر شوکت اعجاز بٹ نے سیری ، ڈگڈول ، ماروگ اور کنفر کے علاوہ دیگر کئی پنچائیتوں کا دورہ کیا ۔ انہوں نے پنچائیتی راج اداروں کے نمائیندوں ، عوام اور نامزد افسروں کے ساتھ تبادلہ خیال کے دوران پروگرام کی عمل آوری کا جائیزہ لیا ۔ ڈپٹی کمشنر نے سیری اور چندر کوٹ میں شجر کاری مہم کا آغاز کیا اور مستحقین میں آیوشمان بھارت سکیم کے گولڈن کارڈس اور سوئیل ہیلتھ کارڈس تقسیم کئے ۔ افسروں نے کمیونٹی بیت الخلاء اور کمیونٹی ہالوں کے علاوہ دیگر کئی پروجیکٹوں کا افتتاح کیا ۔ اس موقعہ پر افسروں نے سکولوں ، طبی اداروں اور دیگر کئی عوامی اہمیت کے اداروں کا دورہ کیا ۔ اس موقعہ پر کئی محکموں کی جانب سے تمدنی اور کھیل پروگرام منعقد کئے گئے ۔
ریاسی میں بیک ٹو ولیج پروگرام کے تحت کئی پروگرام منعقد کئے گئے ۔ اس دوران جوائینٹ ڈائریکٹر دیہی ترقی جموں سبھاش چندر نے مڈی اے بلاک کا دورہ کر کے سفائی مہم کی شروعات کی اور آنگن واڑی مراکز کا دورہ کرنے کے علاوہ شجر کاری مہم کی شروعات کی ۔ جن افسروں نے پنچائت حلقوں میں بیک ٹو ولیج پروگراموں میں حصہ لیا اُن میں سی ای او جے اے ڈی کے ای ڈی اے اروند شرما ، جوائینٹ ڈائریکٹر ریونیو جموں وید پرکاش ، ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ سوئیل کنزرویشن منیش دھتہ بھی شامل تھے ۔
کشتواڑ میں پروگرام کے دوسرے دن کئی گرام سبھائیں منعقد کی گئیں جس میں مد و زن کی ایک بڑی تعداد نے حصہ لیا ۔ اس موقعہ پر کئی فلاحی پروگراموں کے بارے میں لوگوں کو جانکاری دی گئی ۔ نامزد افسروں نے لوگوں کے علاوہ پنچائتی راج اداروں کے نمائیندوں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا ۔
ڈوڈہ میں بیک ٹو ولیج پروگرام کے دوسرے دن کئی تمانی پروگرام منعقد کئے گئے پروگرام کے تحت جاب کارڈ کی فراہمی اور راشن کارڈوں کی تقسیم کے علاوہ کئی پروجیکٹوں کا افتتاح کیا گیا ۔ اس کے علاوہ گرام سبھائیں بھی منعقد کی گئیں ۔ ڈپٹی کمشنر ساگر ڈی ڈائفورڈ نے بھدرواہ ، بھلہ اور اسر بلاکوں کے تحت آنے والی کئی پنچائیتوں کا دورہ کیا ۔
راجوری میں پروگرام کے دوسرے دن گرام سبھائیں اور جانکاری پروگرام منعقد کئے گئے ۔ گرام سبھاؤں میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کر کے اپنے مطالبات اور مسائل حکام کی نوٹس میں لائے ۔ افسروں نے لوگوں کو سرکار کی جانب سے چلائی جا رہی سکیموں کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی ۔ پروگرام کے دوران کئی محکموں نے نمائشوں کا اہتمام کیا تھا ۔
پونچھ میں بیک ٹو ولیج پروگرام کے دوسرے روز ضلع بھر میں کافی گہما گہمی رہی جس دوران گرام سبھاؤں کا انعقاد کیا گیا ۔ ڈپٹی کمشنر پونچھ نے تکیہ شریف ، گُلپور ، اجھوٹ اور ڈگوار سمیت کئی پنچائت حلقوں کا دورہ کر کے پروگرام کی عمل آوری کا جائیزہ لیا ۔نامزد افسروں نے ان پنچائت حلقوں میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں کا جائیزہ لیا اور اس موقعہ پر کئی پروگرام شروع کئے گئے ۔ پروگرام کے دوران سوشل آڈٹ کمیٹیوں کی تشکیل بھی عمل میں لائی گئی ۔