جموں //جموں وکشمیر بورڈ آ ف سکول ایجوکیشن کی طرف سے بارہویں جماعت کے سالانہ نتائج کا اعلان کیاگیاجس میں 62فیصد طلباء کامیاب قرار پائے ۔بورڈ کی طرف سے اس سلسلے میں جاری پریس ریلیز کے مطابق 2019کے سالانہ سیشن میں 38ہزار964طلباء نے حصہ لیا جن میں سے 24ہزار045نے کامیابی حاصل کی اور اس طرح سے طلباء کے پاس ہونے کی شرح 62فیصد رہی ۔امتحان میں لڑکوں کے مقابلے میں لڑکیاں کے پاس ہونے کی شرح زیادہ رہی ہے اور 57فیصدلڑکوں کے مقابلے میں 67فیصد لڑکیاں کامیاب قرار پائی ہیں ۔وہیں ایک بار سرکاری سکولوں کے نتائج نجی تعلیمی اداروں کی بہ نسبت کم رہے ہیں اور جہاں سرکاری سکولوں کے 55.70فیصد طلباء پاس ہوئے ہیں وہیں نجی تعلیمی اداروں کے 73.07طلباء کامیاب ہوئے ۔نتائج کے مطابق 6314طلباء نے امتیازی پوزیشن حاصل کی جبکہ 10473 نے پہلی ڈیویژن ، 6598 نے دوسری ڈیویژن، 660نے تیسری ڈیویژن اور 13415طلباء کو دوبارہ امتحانات دیناپڑے گا اور اسی طرح سے 1504طلبا ء ناکام ہوگئے ہیں ۔دریں اثناء تمام مضامین میں اول پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء کا تعلق جموں ضلع سے ہے اور ضلع کے 75طلباء نے پوزیشن حاصل کی ہے ۔سائنس کے شعبے میں 33طلباء پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے اور انکت برگوترہ ولد ترسیم کمار گورنمنٹ ایس آر ایم ایل ہائراسکینڈری سکول پریڈ گرائونڈ جموں اور راہل تاک ولد راجیش کمار لٹل اینجلز ہائراسکینڈری سکول کٹھوعہ نے مشترکہ طور پر98فیصد نمبرات کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی ہے ۔اسی طرح سے کامرس کے شعبے میں 23طلباء نے پوزیشن حاصل کی جن میں سے راحت گپتا دختر راجیش گپتا ایس پی ہائراسکینڈری سکول ایکسچینج روڈ جموں نے 97.4فیصد نمبرات کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی ۔آرٹس میں 16طلباء پوزیشن پر براجمان ہوئے اور 97.8فیصد نمبرات کے ساتھ پہلی پوزیشن پر دامنی شرمادختر روی شرما شکشا نکیتن ہائراسکینڈری سکول جیون نگراور تانیہ شرما دخترروپ لعل شرما شکشا نکیتن ہائراسکینڈری سکول جیون نگر براجمان ہوئیں ۔اسی طرح سے ہوم سائنس کے شعبے میں 77.8فیصد نمبرات حاصل کرتے ہوئے نارائنی شرما دختر منوج شرما گورنمنٹ گرلز ہائراسکینڈری سکول مبارک منڈی نے پہلی پوزیشن پائی ۔