سرینگر// حکام نے سیول سیکریٹریٹ جموں میں مختلف محکموں کے ملازمین کی حاضری کی نگرانی کیلئے سنیئر افسران پر مشتمل کمیٹی کو تشکیل دینے کا اعلان کیا۔ سرکاری حکم نامہ میں کہا گیا کہ سیول سیکری ٹریٹ جموں میں مختلف محکموں کے ملازمین کی روزانہ حاضری کی نگرانی کیلئے افسراں کی ایک ٹیم کو تشکیل دیا گیا ہے،جبکہ یہ ٹیم تمام محکموں میں صبح10بجے اور شام5بجے اچانک معائنہ کریے گی۔ عمومی انتظامی محکمہ کے کمشنر سیکریٹری منوج دیویدی کی جانب سے جاری حکم نامہ میں کہا گیا کہ یہ ٹیم بغیر اجازت غیر حاضر رہنے والی ملازمین کی رپورٹ جنرل ایڈمنسٹریشن محکمہ کو ضوابطی کاروائی کیلئے پیش کرے گی۔ پیر کو معاینہ کرنے والی اس ٹیم میں عوامی شکایت محکمہ کے خصوصی سیکریٹری ویر جی ہانگلو اور محکمہ عمومی انتظامی کے ڈپٹی سیکریٹری وکاس شرما شامل ہونگے جبکہ منگل کو محکمہ صنعت و حرفت کی خصوصی سیکریٹری کسم بڈیال اور جنرل ایڈمنسٹریشن محکمہ کے ڈپٹی سیکریٹری گرداری لعل کو شامل کیا گیا ہے۔ بدھ کو محکمہ تواضع کے سپیشل سیکریٹری پون کمار راٹھور اور ’جی اے ڈی‘ کے ڈپٹی سیکریٹری ڈاکٹر محمد عثمان خان ملازمین کی حاضری کی جانچ کرینگے جبکہ جمعرات کی ٹیم میں محکمہ سماجی بہبود کے خصوصی سیکریٹری شیو کمار گپتا اور جنرل ایڈمنسٹریشن محکمہ کے انڈرسیکریٹری موہت ریناپر مشتمل ہوگی۔ جمعہ کو معائنہ کرنے کی ذمہ داری محکمہ شہری رسدات،امور صارفین و عوامی تقسیم کاری کے خصوصی سیکریٹری محمد نذیر شیخ اور عمومی انتظامی محکمہ کے انڈر سیکریٹری رامیشور کمار کو سونپی گئی ہے۔