جموں ریاسی پارلیمانی نشست پر 17.81لاکھ ووٹر، 22 امیدوار میدان میں | سیاسی قسمت کافیصلہ 26اپریل کو ہوگا ہ2416پولنگ سٹیشنوں میں سے 223حساس ،117نازک ،باقی سبھی نارمل

Voting concept in flat design. Hand putting voting paper in the ballot box.

عظمیٰ نیوزسروس

جموں//26اپریل کو جموں ریاستی لوک سبھا نشست کے انتخابات ہورہے ہیں جس میں 17لاکھ سے زائدرائے دہندگان 22امیدواروں کے حق میں اپنی رائے دہی کا استعمال کریں گے جبکہ اس سیٹ پر انتخابی مہم 24اپریل شام کو اختتام پہنچ جائے گی ۔ جموں ریاسی سیٹ پر بی جے پی کے جگل کشور ، کانگریس کے رمن بھلا ،یکم سناتن بھارت دل کے انکور شرما اور بی ایس پی کے جگدیش راج سمیت 22امیدوار میدان میں ہوں گے۔ جگل کشور شرما جموں کی سیٹ سے مسلسل تیسری بار انتخاب لڑ رہے ہیں اور یہ مقابلہ بھی 2019 کی نقل ہے جب وہ بھلا کے ساتھ براہ راست مقابلہ میں شامل تھے۔ ایکم سناتن بھارت دل کے انکور شرما اور بی ایس پی کے جگدیش راج میدان میں قابل ذکر امیدواروں میں شامل ہیں جنہوں نے رائے دہندوں کے درمیان اپنی موجودگی کا احساس دلایا ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جموں ریاسی سیٹ پر 17,81,545ووٹر ہیں جن میں 9,21,462مرد اور 8,60,055خواتین شامل ہیں۔ 28 مخنس ووٹ ہیں۔جموں و کشمیر کے دیگر چار پارلیمانی حلقوں کی طرح جموں ریاسی سیٹ بھی 18اسمبلی حلقوں پر مشتمل ہے۔آر ایس پورہ-جموں جنوبی اسمبلی سیٹ پر سب سے زیادہ 1,25,454 ووٹ ہیں جبکہ ریاسی ضلع کی شری ماتا ویشنو دیوی سیٹ پر سب سے کم 55737 ووٹر ہیں۔ 18اسمبلی حلقوں میں سے آٹھ میں ایک لاکھ سے زیادہ ووٹ ہیں۔جموں ضلع میں امیدوار کی جیت کی کلید 11,90,099 ووٹوں کے ساتھ ہے جبکہ سانبہ ضلع میں 2,59,198ووٹر ہیں اور ریاسی میں 2,35,262ووٹ ہیں۔ راجوری ضلع کے واحد اسمبلی حلقہ کالاکوٹ سندر بنی میں 96986ووٹر ہیں۔جموں ریاسی پارلیمانی سیٹ کے 18اسمبلی حلقوں میں سے جموں ضلع میں 11 سیٹیں ہیں، ریاسی اور سانبہ اضلاع میں تین اور راجوری میں ایک حلقہ ہے۔2416پولنگ سٹیشنوں میں سے 223حساس اور 117 نازک جبکہ باقی نارمل ہیں۔ ریاسی اسمبلی حلقہ میں سب سے زیادہ 173پولنگ اسٹیشن ہیں جبکہ شری ماتا ویشنو دیوی سیٹ میں سب سے کم 91 پولنگ سٹیشن ہیں۔جموں ریاسی پارلیمانی حلقہ میں پانچ اسمبلی سیٹیں ایس سی اور ایک ایس ٹی کے لیے مخصوص ہے۔ ان میں رام گڑھ، بشناہ، سچیت گڑھ، مڑھ اور اکھنور شامل ہیں، سبھی ایس سی کے لیے اور گلاب گڑھ جو ایس ٹی کے لیے مخصوص ہے۔1967میں اس کے قیام کے بعد سے یہ سیٹ نو مواقع پر کانگریس، چار بار بی جے پی اور ایک ایک نیشنل کانفرنس اور ایک آزاد امیدوار نے جیتی ہے۔جموںریاسی پارلیمانی سیٹ کو گزشتہ انتخابات تک جموںپونچھ سیٹ کہا جاتا تھا جس میں جموں، سانبہ، راجوری اور پونچھ اضلاع کے تمام اسمبلی حلقے شامل تھے۔ تاہم حد بندی کے بعد راجوری اور پونچھ اضلاع کوکالاکوٹ سندر بنی کی ایک اسمبلی سیٹ کو چھوڑ کر اننت ناگ (جنوبی کشمیر) سے منسلک کیاگیااور اس سیٹ کا نام اننت ناگ-راجوری-پونچھ رکھا گیا ۔ اس کے بجائے ریاسی ضلع جو پہلے ادھم پور۔ڈوڈہ حلقہ کا حصہ تھا ،اب جموں حلقہ میں شامل کیا گیا ہے۔