جموں اور سانبہ اضلاع میں کانگریس کے انتخابی روڈ شو بھاجپانے اقتداروووٹ بینک کی سیاست کیلئے پیسے کا غلط استعمال کیا :بھلہ

عظمیٰ نیوز سروس

سانبہ// کانگریس پارٹی کی جانب سے جموں اور سانبہ اضلاع میں انتخابی روڈ شو کااہتمام کیاگیا جسکے دوران پارٹی سنیئر لیڈران نے خطاب کرتے ہوئے بھاجپاکی مرکزی حکومت کومبینہ طورپر عوام کش پالیسیوں کیلئے تنقید کا نشانہ بنایا ۔ضلع سانبہ میں انتخابی مہم کو لے کر جے کے پی سی سی کے ورکنگ صدر اور جموں ریاسی پارلیمانی سیٹ سے کانگریس کے امیدوار رمن بھلہ نے بی جے پی پر ووٹ بینک کی سیاست میں ملوث ہونے اور ملک میں اپوزیشن کی آواز کو دبانے کے لئے پیسے اور طاقت کا غلط استعمال کرنے کا الزام لگایا۔ رکھ امبٹالی، کالی باری، رییاں، سدوہ، بٹال، پنگڈور، کولپور، خانپور، پکھڑی، کیسو، کمور، گووند گڑھ، لنگور، چک پارس، نانگا، نتھوال، ابتل میں انتخابی اجتماعات اور روڈ شو سے خطاب کرتے ہوئے کا نگریس لیڈر نے الزام لگایا کہ بی جے پی نے کبھی بھی خطے کے لوگوں کے مفاد کے لئے کام نہیں کیا اور انہیں جموں و کشمیر میں آنے والے لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات میں اس کا صفایا کرنے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس مرکز کے ساتھ ساتھ جموں و کشمیر میں ایک مستحکم، شفاف اور عوام دوست حکومت کو یقینی بنانے کیلئے پُر عزم ہے ۔انہوں نے الزام لگایاکہ بی جے پی نے اپوزیشن کے امیدواروں کو خریدنے کے لئے پیسے اور طاقت کا سہارا لیا ہے۔انہوں نے ووٹروں پر زور دیا کہ وہ ہر اہم مسئلہ پر بی جے پی کے سامنے دروازہ دکھائیں۔ انہوں نے بی جے پی پر دھوکہ دہی کے ذریعہ اپوزیشن کو دبانے کا الزام لگایا اور کہا کہ یہ جمہوریت کی اصل روح نہیں ہے۔بھلہ نے کہا کہ وہ مرکز کے زیر انتظام علاقے کے لوگوں کے قانونی اور حقیقی حقوق کے لئے کھڑے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا ایجنڈا عوام کے حق میں ہے اور ہم جموں و کشمیر کے لوگوں کو سماجی و اقتصادی حقوق کے ساتھ بااختیار بنانے کو یقینی بنائیں گے۔بھلہ نے کہا کہ بی جے پی حکومت کی پالیسیاں اور پروگرام خدمات کی فراہمی اور روزی روٹی کے مواقع کے معاملے میں قطار میں کھڑے آخری شخص کوفائدہ پہنچانے میں ناکام رہے ہیں۔ حکومت بنیادی ڈھانچے کی ترقی کو تیز کرنے اور معاش کو بہتر بنانے کے لیے سب کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے طریقہ کار کو مضبوط بنانے میں ناکام رہی ہے۔ منتخب حکومت کے پاس لوگوں کے پاس اپنی شکایات دور کرنے کا کوئی ذریعہ نہیں ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ کانگریس کی کامیابی کیلئے اپنے ووٹ کا استعمال کریں ۔