ثقافتی ورثے کاعالمی دِن چیف سیکرٹری نے ایس آر ایس لائبریری سے مُبارک منڈی تک

 ہیرٹیج واک کوہری جھنڈی دِکھا کر روانہ کیا

 

جموں/ / چیف سیکرٹری اَتل ڈلونے ثقافتی ورثے کے عالمی دِن کے موقعہ پر شری رنبیر سنگھ ( ایس آر ایس) لائبریری کچی چھائونی سے مُبارک منڈی ہیرٹیج کمپلیکس تک ہیرٹیج واک کو ہری جھنڈی دِکھا کر روانہ کیا۔محکمہ ثقافت کی طرف سے ضلعی اِنتظامیہ کے اِشتراک سے منعقدہ واک میں پرنسپل سیکرٹری ثقافت سریش گپتا، مبارک منڈی ہیرٹیج سوسائٹی کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹردپیکا شرما،ضلع ترقیاتی کمشنر جموںسچن کمار واشیا ، ڈائریکٹر لائبریریز محمد رفیع، ڈائریکٹر آرکائیوز ، آرکیولوجی اینڈ میوزیم راج کمار کٹوچ کے علاوہ سول سوسائٹی کے ممبران، سینکڑوں طلبأ اور جموں شہر کے دیگر شہریوں نے شرکت کی۔ چیف سیکرٹری نے جموں و کشمیر کو ثقافتی ورثہ اور ثقافتی خزانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اِس طرح کی تقریبات ہماری ثقافت کے اس اہم پہلو کے تحفظ کے تئیں ہماری حساسیت کو تازہ کرتے ہیں۔

 

اُنہوں نے کہا کہ ورثے کے تحفظ کے لئے اِجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے اورہم سب کو اس کی حفاظت کے لئے کردار اَدا کرنا ہوگا۔اَتل ڈلونے کہا کہ ہمارے بہت سے مقامات عالمی ورثے کے لئے ان کی مجموعی اہمیت کی وجہ سے یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں بھی شامل ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ایسی جگہوں کا دورہ ان مقامات کی قدرو قیمت کے ساتھ ان کی انفرادیت اور جمالیات کے بارے میں بیداری پیدا کرتا ہے۔اُنہوں نے طلبأ پر زور دیا کہ وہ اِس طرح کے مقامات کو پڑھیں اور ان کا دورہ کریں تاکہ ہمارے شاندار ثقافتی ماضی کے بارے میں بہتر اندازہ ہو سکے۔پرنسپل سیکرٹری نے ایس آر ایس لائبریری اور مبارک منڈی ہیرٹیج کمپلیکس کے ثقافتی اثاثوں کی تاریخ کے بارے میںبیداری پیدا کی۔ اُنہوں نے ہمارے ورثے کے تحفظ اور حفاظت کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی اور تمام شُرکأ پر زور دیا کہ وہ محکمہ کی جانب سے اُٹھائے گئے ایسے اَقدامات کی حمایت کریں۔ یہ بات قابل ذِکر ہے کہ عالمی ثقافتی ورثے کے دن کو دنیا بھر میں بین الاقوامی یادگاروں اور مقامات کے دن کے طور پر بھی جانا جاتا ہے جو آئی سی او ایم او ایس ،اِنٹرنیشنل کونسل آن مونومنٹس اینڈ سائٹس کے کام کے اعتراف میں منایا جاتا ہے۔ اِس دن کا مقصد ثقافتی ورثے کے تنوع کی اہمیت کے بارے میں بیداری میں اِضافہ اور آنے والی نسلوں کے لئے اسے محفوظ کرنا ہے۔