تھوک مہنگائی میں کمی کا سلسلہ جاری

نئی دہلی// فروری 2023 میں تھوک قیمت اشاریہ پر مبنی مہنگائی ماہانہ بنیاد پر 3.85 فیصد پر آگئی ہے۔ تھوک مہنگائی اس سال جنوری میں 4.73فیصد اور دسمبر 2022 میں 5.02فیصد تھی۔منگل کو وزارت تجارت و صنعت کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اس سال فروری کے مہینے کے لیے تھوک قیمت کا اشاریہ (بنیادی سال 2022-12) 150.9 پوائنٹس تھا اور اس کی بنیاد پر مہنگائی کی سالانہ شرح 3.85 فیصد تھی۔ جبکہ جنوری کے مہینے میں ہول سیل پرائس انڈیکس 150.6 پوائنٹس تھا۔ہول سیل پرائس انڈیکس کے عارضی اعداد و شمار کے مطابق بنیادی اشیاء کے زمرے میں مہنگائی فروری میں 3.28 فیصد رہی جو جنوری میں 3.88 فیصد تھی۔ وہیں فروری میں ایندھن اور بجلی کے زمرے میں ڈبلیو پی آئی کی افراط زر 14.82 فیصد (جنوری 15.15 فیصد) اور تیار شدہ مصنوعات کے زمرے میں 1.94 فیصد (جنوری 2.99 فیصد) تھی۔عارضی اعداد و شمار کی بنیاد پر غذائی اشیاء کے زمرے میں تھوک مہنگائی ایک ماہ قبل 2.95 فیصد سے کم ہوکر 2.76 فیصد ہوگئی۔پیر کو جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق کنزیومر پرائس انڈیکس (سی پی آئی) پر مبنی خوردہ افراط زر ایک ماہ پہلے کے مقابلے اس سال فروری میں کم ہو کر 6.44 فیصد پر آ گیا۔ رواں سال جنوری میں خوردہ مہنگائی 6.52 فیصد اور گزشتہ سال فروری میں 6.07 فیصد تھی۔خوردہ افراط زر اب بھی آر بی آئی کے کمفرٹ زون چھ فیصد سے اوپر ہونے کے ساتھ تجزیہ کاروں کو توقع ہے کہ ریزرو بینک کی مانیٹری پالیسی کمیٹی اپنی اپریل کی میٹنگ میں پالیسی ریپو ریٹ میں مزید 0.25 فیصد اضافہ کرے گی۔