ڈوڈہ //جموں و کشمیر کو موجودہ بحران سے باہر نکالنے و جمہوری عمل کے تحت پرامن طریقے سے مفاہمت کا راستہ اپنانے کے لئے نوجوان اپنا کردار ادا کریں، ہر خطہ کا حل سیاسی مفاہمت و بات چیت سے ہی ممکن ہے۔ان باتوں کا اظہار سینئر پی ڈی پی لیڈر و سابق ایم ایل سی فردوس ٹاک نے خطہ چناب کے دورے کے دوران ڈاک بنگلہ ٹھاٹھری میں پارٹی کارکنوں کی میٹنگ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر کشتواڑ، اندروال و بھدرواہ سے آئے ضلع، بلاک و زونل سطح کے عہدیداروں و پارٹی ورکروں نے شرکت کی۔سابق ایم ایل سی نے کہا کہ موجودہ دور میں جموں و کشمیر جن حالات سے گذر رہا ہے اس کا سب سے زیادہ اثر نوجوانوں پر پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم یافتہ نوجوان پہلے ہی بے روزگاری کی وجہ سے ذہنی تناؤ کا شکار ہو چکے ہیں اور پھر موجودہ حکومت کی عوام دشمن پالیسیاں انہیں بری طرح متاثر کررہی ہیں۔ پی ڈی پی لیڈر نے کہا کہ کسی بھی قوم و خطے کا مستقبل نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے اور اگر آج کا نوجوان مثبت سوچ کو لے کر جمہوری نظام کے تحت سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لے تو یقیناً بڑی تبدیلی آسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کو موجودہ بحران سے نکالنے کی چابی اگر کسی کے پاس ہے تو وہ آج کا نوجوان ہے جسے پرامن طریقے سے اپنے حق کی آواز بلند بلند کرنی ہو گی۔سابق ایم ایل سی نے کہا کہ پی ڈی پی شروع سے ہی اس بات کی قائل رہی ہے کہ ہر مسئلے کا حل بات چیت و سیاسی مفاہمت سے ہی ممکن ہے۔انہوں نے 'نہ گن سے نہ گولی سے، بات بنے گی بولی سے کا نعرہ دہراتے ہوئے کہا کہ تشدد، گولی و پتھر کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی طریقے سے نوجوانوں کے ساتھ بات چیت کرنے کی ضرورت ہے اور انہیں اس بات کی طرف مائل کرنا ہوگا کہ ہر مسئلے کا حل ان کے پاس ہے۔ انہوں نے نوجوانوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اپنی عزت نفس واپس لانے و جموں و کشمیر کے حالات سدھارنے کے لئے آگے آئیں۔اس دوران انہوں نے پارٹی عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ زمینی سطح پر جاکر پی ڈی پی کی مضبوطی کیلئے کام کریں. میٹنگ میں تنظیمی امور و عوامی مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس دوران ایڈووکیٹ شیخ ناصر سیکرٹری جموں و کشمیر ، سجاد حسین ملک، واصل ڈولوال ضلع صدر یوتھ کشتواڑ ، اویس چوہدری، عبدالکبیر ضلع جنرل سیکرٹری، پرویز وفا میڈیا انچارج،طالب حسین، بلاک صدر شبیر احمد بھی ان کے ہمراہ تھے۔