پہلگام واقعہ کے باوجودسیاحوں کے آنے کاجوش کم نہیں ہوا :امت شاہ
جموں //مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ہفتے کوجموں میں ایک جائزہ میٹنگ کی صدارت کی تاکہ جموں اور کشمیر کے مرکزی علاقے میں ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا جا سکے۔ میٹنگ کے دوران، مرکزی وزیر داخلہ نے سڑک کے بنیادی ڈھانچے، بجلی، صنعت، سیاحت، 4Gاور آپٹیکل فائبر کنیکٹوٹی جیسے اہم شعبوں کا جامع جائزہ لیا۔یہ میٹنگ تقریباً دو گھنٹے تک جاری رہی اور اس میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ، مرکزی داخلہ سکریٹری گووند موہن، مرکزی زیر انتظام علاقے کے چیف سکریٹری اتل ڈلو اور پولیس کے ڈائریکٹر جنرل نلین پربھات سمیت دیگر نے شرکت کی۔
ترقیاتی منصوبے/بجلی
مرکزی وزیر داخلہ نے اس اعلیٰ سطحی اہم میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں حکومت ہند ایک ترقی یافتہ اور خوشحال جموں و کشمیر کی تعمیر کے وژن کے ساتھ مضبوطی سے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کی طرف سے ترقی کو تیز کرنے کے لئے کی جا رہی مسلسل کوششوں کی وجہ سے جموں و کشمیر میں ترقیاتی منصوبوں نے بے مثال ترقی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی فلاحی سکیموں کو 100فیصد مکمل کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات مستحقین تک پہنچیں۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کو اپنےپن بجلی پروجیکٹوںکی پوری صلاحیت کو بروئے کارلانے کی ضرورت ہے۔
سیاحت
وزیر داخلہ نے کہا کہ گذشتہ برس پہلگام میں ہونے والے دلخراش حملہ کے باوجود جموں و کشمیر آنے کے لیے ملک بھر سے سیاحوں کا جوش کم نہیں ہوا ہے۔انکا کہنا ہے کہ ہندوستان کے مختلف حصوں سے آنے والے لوگ اب بھی اعتماد اور دلچسپی کیساتھ جموں و کشمیر کا رخ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے سیاحتی مقامات کی ملک کی دیگر ریاستوں میں جارحانہ مارکیٹنگ کی ضرورت ہے تاکہ یہاں دستیاب سیاحتی امکانات کو تلاش کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی جموں و کشمیر میں نئے سیاحتی مقامات کی ترقی کے منصوبے میں ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔
کھیل
مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ نوجوانوں کو ترقی سے جوڑنے کے لیے کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو ترقی دینے اور کھیل اکیڈمیوں کے قیام پر توجہ دی جانی چاہیے۔ اس سلسلے میں، مختلف کھیلوں کے اداروں کے ساتھ مل کر تقریباً 200کروڑ کی سرمایہ کاری کو محفوظ بنانے کی کوشش کی جائے گی۔ شاہ نے یہ بھی کہا کہ نیشنل ڈیری ڈیولپمنٹ بورڈ (این ڈی ڈی بی)کے ذریعے جموں و کشمیر میں ڈیری سیکٹر کو فروغ دینے کی کوشش کی جانی چاہیے۔
خصوصی معاونت
امت شاہ نے کہا کہ ایک اہم اقدام کے تحت جموں و کشمیر کو پہلی بار مالی سال 2025-26میں ریاستوں کے لیے خصوصی معاونت برائے سرمایہ کاری (SASCI)سکیم کے دائرے میں لایا گیا ہے، جس سے کیپٹل پروجیکٹس کے لیے 50سالہ سود سے پاک قرضوں تک رسائی ممکن ہے۔ وزیر داخلہ نے اس بات پر زور دیا کہ مضبوط مالیاتی نظم و ضبط وقت کے ساتھ ساتھ یوٹیزکے مالیاتی خسارے کو مستحکم کرنے میں مدد کرے گا۔
وکست بھارت ہدف
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ بھارت آزادی کے 100سال مکمل ہونے تک، یعنی 2047تک، ’ترقی یافتہ بھارت‘ کے ہدف کی طرف مستحکم قدم بڑھا رہا ہے، اور اس راہ میں جموں و کشمیر کی ترقی کے لیے حکومتِ ہند بھرپور حمایت جاری رکھے گی۔امت شاہ کے مطابق ان کا دورہ جموں و کشمیر حکومت کی اس پختہ عزم کو ظاہر کرتا ہے کہ علاقے کی ترقی، امن اور سلامتی کو قومی ترجیح میں سب سے اوّل رکھا جائے گا۔
دلّی واپسی
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ 2 دن تک جموں میں قیام کے بعد واپس نئی دہلی روانہ ہوگئے ہیں۔ شاہ جمعرات کی شام دیر گئے قریب 11بجے جموں پہنچے اور جمعہ کو کٹھوعہ ضلع میں بین الاقوامی سرحد کے ساتھ واقع گرنام اور بوبیامیں بارڈر سیکورٹی فورس کی فارورڈ چوکیوں کا دورہ کرکے خطے کے اپنے دورے کا آغاز کیا۔کٹھوعہ سے واپسی پر، انہوں نے ایک سیکورٹی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی، جس میں، دوسروں کے علاوہ، آرمی چیف جنرل اوپیندر دویدی نے بھی شرکت کی، جس میں جموں و کشمیر کو ملی ٹینسی سے آزاد کرنے پر توجہ دی گئی۔منصوبوں پر میٹنگ کے دوران، شاہ نے کلیدی شعبوں کا ایک جامع جائزہ لیا۔ دورے کے دوران وزیر داخلہ نے مہلوک متعدد پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور انہیں ملازمت کے خطوط سونپے۔
مقامی بھاجپا قیادت سے ملاقات
تنظیمی سرگرمیوں کاجائزہ
عظمیٰ نیوز سروس
جموں//وزیر داخلہ امت شاہ نے جموں دورے کے دوران تنظیمی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کیلئے پارٹی کے ایک وفد سے بھی ملاقات کی ۔وفد میں سینئر بی جے پی قیادت کے علاوہ تمام ممبران پارلیمنٹ اور ممبران اسمبلی شامل تھے۔اس ضمن میں Xپر ہندی میں ایک پوسٹ میںتفصیلات فراہم کرتے ہوئے امت شاہ نے کہا”میں نے جموں میں بی جے پی کے ریاستی عہدیداروں ،ممبران اسمبلی اور ممبران پارلیمنٹ کے ساتھ میٹنگیں کیں۔ بی جے پی مودی کے ترقیاتی اقدامات کی زمینی سطح تک رسائی کو یقینی بنانے کیلئے کام جاری رکھے گی، جبکہ ایک ترقی یافتہ جموں و کشمیر، ایک محفوظ جموں و کشمیر کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے تنظیم کو وسعت دے گی‘‘۔اجلاس میں وزیر اعظم نریندر مودی کے ترقیاتی منصوبوں کی زمینی سطح پر عملی نفاذ کو یقینی بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ پارٹی تنظیم کو مزید مستحکم اور وسعت دیتے ہوئے ’’ترقی یافتہ جموں و کشمیر، محفوظ جموں و کشمیر‘‘ کے وژن کو حقیقت کا روپ دینے کے لیے بی جے پی متحرک اور مسلسل کام کرتی رہے گی۔