عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں وکشمیر حکومت نے محکمہ آبپاشی ڈویژن ترال میں تعینات ایک آرڈرلی کم چوکیدار کو پولیس سٹیشن کاکاپورہ میں ایف آئی آر نمبر43/2024کے تحت درج ایک انکوائری کیس میں ملوث پائے جانے کے بعد ملازمت سے برطرف کر دیا ہے۔ محکمہ آبپاشی کے آرڈرلی کم چوکیدار فاروق احمد نجار، جسے پہلے براؤن شوگر کی بازیابی پر گرفتاراور عدالتی تحویل کے بعد معطل کر دیا گیا تھا، کو محکمانہ کارروائی کا سامنا کرنا پڑا ،جہاں اس نے الزامات سے انکار کیا۔تاہم، انکوائری آفیسر پولیس ریکارڈ اور شواہد کی جانچ پڑتال کے بعد اس نتیجے پر پہنچا کہ اس کے طرز عمل سے سروس رولز کی خلاف ورزی ہوئی اور عوامی فلاح و بہبود کو خطرہ لاحق ہے۔ان نتائج اور سفارشات پر عمل کرتے ہوئے، آئین ہند کے آرٹیکل 311(2) کے تحت اختیارات کا استعمال کرنے والی مجاز اتھارٹی نے اسے فوری طور پر ملازمت سے برخاست کرنے کا حکم دیا اور اسے آئندہ کسی بھی سرکاری ملازمت سے نااہل قرار دیا۔