عظمیٰ سپورٹس ڈیسک
نئی دہلی// ٹیم انڈیا اس وقت ویسٹ انڈیز کے دورے پر ہے۔ ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آغاز 12 جولائی سے ہو رہا ہے۔ اس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان 3 ون ڈے اور 5 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے۔ اس دوران بی سی سی آئی نے مزید 2 سیریز کا اعلان کیا ہے۔ اس میں ٹیم کو آسٹریلیا کے خلاف 8 اور افغانستان کے خلاف 3 میچز کھیلنے ہیں۔ اکتوبر نومبر میں ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ سے قبل 3 میچ کھیلے جائیں گے۔ اسے ٹورنامنٹ کی تیاری کے لیے اہم سمجھا جا رہا ہے۔
ہندوستانی ٹیم 2011 کے بعد ورلڈ کپ ٹائٹل جیتنے میں کامیاب نہیں ہو سکی ہے۔بی سی سی آئی کے سیکریٹری جئے شاہ نے ایپکس کونسل کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بتایا کہ آسٹریلیا کے خلاف 3 میچوں کی ون ڈے سیریز ستمبر میں کھیلی جائے گی۔ پھر ون ڈے ورلڈ کپ کے بعد دونوں ممالک کے درمیان 5 میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی ہوگی۔ شاہ نے یہ بھی کہا کہ جنوری میں افغانستان کے خلاف 3 میچوں کی ون ڈے سیریز کھیلی جائے گی۔ اس سے قبل یہ سیریز جون 2023 میں کھیلی جانی تھی لیکن مصروفیت کے باعث دونوں بورڈز نے سیریز کو آگے بڑھانے پر رضامندی ظاہر کی۔