اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈیڑھ ماہ تک جاری رہنے والے بھلیسہ چناب پریمیر لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ اختتام پذیر ہوا۔ٹورنامنٹ کا فائنل میچ شائنگ کرکٹ کلب ڈوڈہ و ہل ویو راجوری کے درمیان کھیلا گیا، 18 اوروں میں 6 وکٹوں کے نقصان پر شائنگ ڈوڈہ نے 134 رنز بنائے اور اپنی مدمقابل ٹیم کو 135 رنز کا ہدف دیا. وہیں ہل ویو راجوری نے صرف 14 اوروں میں 5 وکٹوں کے نقصان پر اپنا ہدف پورا کیا جس میں راجن کمار نے اکتیس گیندوں میں 65 رنز بنائے.ولی کنسٹرکشن کمپنی کے اشتراک سے اس ٹورنامنٹ میں سو سے زائد ٹیموں نے حصہ لیا جس میں نہ صرف جموں و کشمیر بلکہ بیرونی ریاستوں سے آئے کھلاڑیوں نے شرکت کی۔
فائنل میچ کے اختتام ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں سب ڈویژنل مجسٹریٹ گندوہ اشرف پرویز، ایس ڈی پی او عادل ریشو، ڈی ڈی سی کونسلر کاہرہ معراج الدین ملک،ولی کنسٹرکشن کمپنی کے مالک جاوید اقبال زرگر، سیاسی و سماجی کارکن ریاض احمد زرگر فنکار و قلمکار راجا سرفراز ٹیچرز فورم کے صوبائی کوارڈی نیٹر جماعت علی آگاہ، صدر ٹھیکیدار ایسوسی ایشن منیر احمد شیخ کے علاوہ مختلف شعبوں سے وابستہ لوگوں، اسکولی بچوں و بھاری تعداد میں کرکٹ شائقین نے شرکت کی۔
مقررین نے دونوں ٹیموں کے ساتھ ساتھ آرگنائزنگ کمیٹی کو بھی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ وسائل کی کمی کے باوجود دیہی علاقوں میں نوجوان کھلاڑیوں کی کوئی کمی نہیں ہے۔انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیل کود کی طرف زیادہ سے زیادہ توجہ مرکوز کریں اور سماجی بیماریوں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے میں ایک کلیدی کردار ادا کریں۔اس موقع کرکٹ ٹورنامنٹ کے آرگنائزر اخیار احمد زرگر و سوسائٹی کے چیئرمین محمد ایوب زرگر نے انتظامیہ ،میڈیا و سیول سوسائٹی کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اس سپورٹس میلے کوشش کامیاب بنانے میں اپنا مکمل تعاون دیا۔ فائنل کا خطاب جیتنے والی ٹیم کو نقدی دو لاکھ روپے و ایک لاکھ کی ٹرافیاں دیں گئیں جبکہ دوسری ٹیم کو نقدی ایک لاکھ روپے و ٹرافیاں فراہم کیں گئیں۔اس دوران ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ دکھانے والے کھلاڑیوں، شائقین و رضاکار نوجوانوں کی بھی حوصلہ افزائی کی گئی۔آر جے بشیر نے اس ٹورنامنٹ کو کریک ہیروز نامی ایپ پر لائیو کوریج کی۔ خاقان راتھر و مبشر راتھر نے امپائرز کے فرائض انجام دئیے۔