محمد تسکین
بانہال// ضلع کٹھوعہ کے بنی تحصیل کے پنچایت ڈولکا میں بدھ کی شام آسمانی بجلی گرنے کے ایک افسوسناک واقعہ میں ایک کمسن طالب علم جاں بحق ہوا ہے جبکہ اسکی چھوٹی بہن زخمی ہوگئی ہے ۔ یہ واقع بدھ کی شام قریب ہونے چھ بجے اسوقت پیش آیا جب علاقے میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارشیں ہو رہی تھیں۔ سرکاری تفصیلات کے مطابق شام تقریباً 5بج کر 47منٹ پر تلسی رام ولد جگت رام، جو اصل میں بھنڈار کے رہائشی ہیں اور گزشتہ دس برس سے کھروران بنی میں مقیم ہیں، کے مکان پر آسمانی بجلی گری۔ انہوں نے گھریلو ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ آسمانی بجلی کھڑکی کے راستے گھر کے اندر داخل ہوئی جس سے کمرے میں موجود دو بچے زخمی ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ کہ اس حادثے میں شدید زخمی اور جھلسے ارجن سنگھ عمر گیارہ سال جو پرائمری سکول کھروران میں پانچویں جماعت کا طالب علم تھا اور اسکی بہن کو فوری طور پر کمیونٹی ہیلتھ سینٹر بنی منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ارجن سنگھ کو مردہ قرار دے دیا۔انہوں نے کہا کہ کہ اس واقعے میں چودہ سالہ سپنا دیوی ، جو ہائی سکول گھٹو میں چھٹی جماعت کی طالبہ ہے زخمی ہوگئی ہیں تاہم ہسپتال میں اس کی حالت اب مستحکم ہے اور وہ خطرے سے باہر ہے۔