بنگس وادی کی ترقی کیلئے2.50کروڑ منظور | رات کے قیام کیلئے25ڈھوک تیار،بھاری تعداد میں سیاحوں کی آمد متوقع

نیوز ڈیسک

کپوارہ//لولاب بنگس ڈیولپمنٹ اتھارٹی کوبنگس وادی میں سیاحت کوفروغ دینے کیلئے کیپکس بجٹ کے تحت مالی سال 2023-24 کیلئے2کروڑ50لاکھ روپے منظور کئے گئے ہیں جبکہ رات کے قیام کیلئے سوتنتراسینک سمان یوجناکے تحت25ڈھوکوںکوتیار کیاجارہا ہے ۔اس بات کی جانکاری چیف ایگزیکیٹوافسرلولاب بنگس ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے یہاں ایک میٹنگ میں دی۔انہوں نے کہا کہ کپوارہ میں سیاحت کوفروغ دینے کے کافی امکانات ہیں جنہیں سیاحتی نقشے پرلایاجارہاہے اورضلع میں سیاحوں کی آمد میں اضافہ ہوا ہے ۔

 

سیاحتی سرگرمیاں ضلع میں بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کررہی ہیں۔چیف ایگزیکیٹوافسر نے کہا کہ قدرت کپوارہ پرمہربان ہے اور یہاں کی خوبصورتی اپنے آپ میں بے مثال ہے ،یہاں کے سرسبزجنگلات،صاف وشفاف پانی کے جھرنوں کوسیاحوں کوراغب کرنے کی کافی صلاحیت ہے۔انہوں نے کہا کہ کپوارہ ضلع پہاڑسرکرنیوالوں،مہم جوئوں،سرحدی سیاحت کے شوقینوں اورقدرت سے محبت کرنے والوں کیلئے ایک جنت ثابت ہورہا ہے۔

 

انہوں نے افسروں سے کہا کہ وہ تال میل کے ساتھ کام کرکے سیاحوں کیلئے لازمی سہولیات کی فراہمی کویقینی بنائیں۔چیف ایگزیکیٹوافسرلولاب بنگس ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے کہا کہ سیاحتی سرگرمیو ں میں نوجوانوں کی شرکت ضلع میں سیاحت کوفروغ دینے کیلئے بنیادی طورلازمی ہیںجوتعلیم یافتہ نوجوانوں کو روزگار فراہم کرے گااورضلع کو سیاحتی مقام بنانے میں مدددے گا۔چیف ایگزیکیٹوافسرنے متعلقین سے کہا کہ وہ ماحول دوست سیاحتی ڈھانچہ کوفروغ دینے میں اپناتعاون پیش کریں۔ مشہور سیاحتی مقام بنگس وادی میں انتظامات کاجائزہ لیتے ہوئے چیف ایگزیکیٹوافسر نے افسروں سے کہا کہ وہ سیاحوں کی اضافی آمد کو مدنظررکھتے ہوئیبنگس وادی میں قبل ہی سیاحتی سرگرمیاں شروع کریں۔میٹنگ میں بتایاگیا کہ ایس ایس ایس وائی کے تحت بنگس میں رات کے قیام کیلئے25ڈھوکوں کوتیار کیاجارہا ہے۔

 

میٹنگ میں بنگس وادی کوپالی تھین سے پاک رکھنے پرزور دیتے ہوئے عام لوگوں سے اپیل کی گئی کہ وہ یہاں پالی تھین اور دیگر کچراڈالنے سے احترازکریں۔ لولاب بنگس ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ایگزیکیتوانجینئرنے کہا کہ ضلع کے مختلف علاقوں میں ٹریکنگ کے75روٹ ہیںاورآنے والے ایام میں یہاں ٹریکنگ سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔