بمنہ کی کئی کالونیوں اور پائین شہرکے متعدد علاقوں میں سڑکیں زیر آب

 عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر//گزشتہ کئی دنوں تک جاری رہنے والی بارشوں کی وجہ سے شہر سرینگرمیں سڑکیں زیر آب آچکی ہیں جبکہ کئی علاقوں میں بارش کا پانی لوگوں کے صحنوں میں بھی گھس چکا ہے ۔ بمنہ کی اکثر کالونیوں کی سڑکیں بھی زیر آب ہیں کیوںکہ ڈرنیج سسٹم ناقص ہے ۔اقبال آباد،حاجی آباد، مصطفی آباد، غوثیہ کالونی ، مدینہ کالونی، ایس ڈی اے کالونی، ایس کے کالونی ، اقر ا کالونی اور بمنہ کے دیگر ملحقہ علاقوں کی سڑکیں زیر آب ہیں ۔ لوگوں نے کہا کہ ڈرنیج سسٹم اگرچہ قائم کیا گیا ہے تاہم ان ڈرنوں کی صفائی نہیں کی جاتی ہے جس کی وجہ سے بارشوں کے دنوں ڈرینوں سے پانی کی نکاسی ناممکن ہوجاتی ہے اور پانی سڑکوں اور صحنوں میں گھس جاتا ہے ۔ لوگوںنے کہا کہ انہیں گھروں سے جوتے نکال کر ننگے پائوں سڑکوں پر چلنا پڑتا ہے ۔لوگوں نے کہا کہ قمر واری میں جو پانی کی نکاسی کیلئے پمپ نصب کئے گئے ہیں ان کو بھی چالو نہیں کیا جاتا ہے جو سڑکیں زیر آب آنے کی ایک وجہ ہے ۔ دریں اثناء پائین شہر کے دیگر علاقوں سے بھی اطلاعات موصول ہورہی ہیں کہ بارش کا پانی سڑکوں ، گلی کوچوں میں جمع ہے جو لوگوں کیلئے باعث پریشانی ثابت ہورہا ہے ۔ لوگوںنے اس سلسلے میں انتظامیہ سے اپیل کی ہے وہ سڑکوں سے پانی کی نکاسی کیلئے فوری طور پر اقدامات اُٹھاے۔