بانہال// ٹریفک جام سے بچنے کیلئے قصبہ بانہال سے ہٹائے گئے بس سٹینڈ سے مقامی رابط سڑکوں پر چلنے والی ایک ایک گاڑی کو چلنے کی اجازت دینے کی مانگ پر انتظامیہ کی طرف سے کوئی بھی مثبت عملدرآمد نہ آنے کی وجہ سے دل برداشتہ ہو کر بیوپار منڈل بانہال نے سنیچروار سے غیر معینہ مدت کی ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔جمعرات کو بانہال میں بیوپار منڈل منعقد کی گئی ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں جمعہ کے روز مجوزہ ہڑتال کو سبزی پھل فروشوں اور دیگر دکانداروں کی اپیل کے بعد سنیچر سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانہال کے دکاندار اور ٹرانسپورٹر سنیچروار سے غیر معینہ مدت کی ہڑتال پ جائینگے۔ صدر بیوپار منڈل بانہال نصیر احمد وانی نے اس موقع پر کہا کہ وہ قصبہ بانہال سے ٹریفک جام کو کم کرنے کیلئے بس سٹینڈ کو ہٹانے کیلئے انتظامیہ کے فیصلے سے متفق ہیں لیکن ان کا جائز مطالبہ ہے کہ کہ بانہال سے بیس کے قریب مختلف روٹوں پر چلنے والی ایک ایک مسافر گاڑی کو سابقہ بس سٹینڈ سے ہی چلنے کی اجازت دی جائے تاکہ لوگوں کو پیدا ہوئی موجودہ صورتحال سے راحت مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ بس سٹینڈ بانہال میں چالیس کے قریب گاڑیوں کو رکھنے کی گنجائش ہے اور ہم صرف بیس مسافر گاڑیوں کو ہی باری باری یہاں سے چلنے کی اجازت مانگ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ مطالبہ انتظامیہ کے گوش گزار بھی کیا گیا تھا لیکن جمعرات کی میٹنگ تک بھی انتظامیہ نے کوئی مثبت جواب نہ دیا اور اب یہ فیصلہ لیا گیا ہے کہ مطالبہ ماننے تک سنیچر وار سے غیر معینہ مدت کی ہڑتال شروع کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ دکاندار، ٹرانسپورٹ اور عام لوگ اس ہڑتال کو کامیاب بنانے کیلئے پر عزم ہیں۔واضح رہے کہ ٹریفک جام پر قابو پانے کیلئے بانہال سٹینڈ کو قصبہ سے ہٹایا گیا تھا اور گاڑیوں کو چار مختلف اور عارضی جگہوں سے چلایا جارہا ہے۔