تمام اَضلاع میں ضروری خدمات کی بلاتعطل فراہمی پر زور
سرینگر//نائب وزیر اعلیٰ سریندرکمار چودھری نے کل سول سیکرٹریٹ سری نگر میں ایک اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی جس میں وادیٔ کشمیر میں برفباری کے بعد کی مجموعی صورتحال اور خطے میں ضروری خدمات کی دستیابی کا جائزہ لیا گیا۔میٹنگ کے شروعات میں صوبائی کمشنر کشمیر اَنشل گرگ نے برف ہٹانے کے کام اور لوگوں کو ضروری خدمات کی بحالی کی مجموعی پیش رفت پر تفصیلی گفتگو کی۔نائب وزیر اعلیٰ نے اِس بات پر زور دیا کہ برفباری کے بعد کی صورتحال سے مؤثر طور پر نمٹنے کے لئے تمام محکموں کے درمیان مربوط اور پیشگی حکمتِ عملی نہایت ضروری ہے۔ اُنہوں نے تمام ضلع ترقیاتی کمشنروںکو ہدایت دی کہ وہ ہمہ وقت متحرک رہیں اور بجلی، پانی کی فراہمی، صحت، غذائی اشیاء اور سڑک رابطہ سمیت تمام ضروری خدمات کی بلا رُکاوٹ دستیابی کو یقینی بنائیں۔ضلع وار برف صاف کرنے کی نگرانی کا بھی جائزہ لیا گیا اور اَفسران کو ہدایت دی گئی کہ وہ اراکین قانون ساز، ایم پیز،صوبائی کمشنر اور ضلعی اِنتظامیہ کی طرف سے جاری کردہ ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔سریندر کمار چودھری نے بجلی شعبے کا جائزہ لیتے ہوئے کے پی ڈِی سی ایل کو ہدایت دی کہ ٹرانسفارمروں کا مناسب بفر سٹاک برقرار رکھا جائے اور متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فوری بحالی کو یقینی بنایا جائے۔ اُنہوں نے اِس بات پر بھی زور دیا کہ پانی کی مناسب فراہمی برقرار رکھا جائے اور پسماندہ و متاثرہ علاقوں میں واٹر ٹینکر تعینات کئے جائیں۔اُنہوں نے خوراک اور صحت خدمات کے حوالے سے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ سپلائی چین میں کسی بھی خامی کو دور کریں اور ضروری اشیأ کی وافر دستیابی کو یقینی بنائیں۔ اُنہوں نے ہسپتالوں میں صفائی ستھرائی، صاف بیڈ شیٹس اور کمبلوں کی دستیابی اور طبی خدمات کی بلا تعطل فراہمی پر بھی زور دیا۔ سری نگر میونسپل کارپوریشن کو صفائی ستھرائی اور متعلقہ خدمات کے لئے پوری طرح تیار رہنے کی ہدایت دِی گئی۔ڈائریکٹر ایئرپورٹس اَتھارٹی آف اِنڈیا نے میٹنگ کو بتایا کہ سری نگر ہوائی اڈے کو آٹھ گھنٹوں کے اندر فعال کر دیا گیا اور گزشتہ روز تقریباً 11,200 سیاح وادی میں پہنچے۔ بی آر او نے بتایا کہ پہلگام سمیت مختلف علاقوں میں برف ہٹانے کا کام جاری ہے۔