جموں// راشٹریہ بجرنگ دل نے جمعرات کو ویلنٹائن ڈے منانے کے خلاف احتجاج کیا۔ بجرنگ دل کے کارکنوں نے شہر کی چند پارکوں کا دورہ کیا، تاہم کسی کے ساتھ کوئی زیادتی نہیں کی۔ ویلنٹائن ڈے کی مخالفت میں احتجاج کرنے والے ان بجرنگی کارکنوں کو یہ نعرے لگاتے ہوئے سنا گیا ’جے شری رام، بھارت ماتا کی جے، مندروں کے شہر میں ویلنٹائن ڈے نہیں منانے دیں گے‘۔ راشٹریہ بجرنگ دل کے ریاستی صدر راکیش بجرنگی نے باغ بہو کے باہر نامہ نگاروں کو بتایا کہ ہم پیار کے خلاف نہیں بلکہ ویلنٹائن ڈے کے نام پر پھیلائی جانے والی بے حیائی کے خلاف ہیں۔ ان کا کہنا تھا ’ہم پریم کے خلاف نہیں ہے، ہم ویلنٹائن ڈے کے نام پر پھیلائی جانے والی بے حیائی کے خلاف ہیں۔ سال کے 365 دن ہیں لیکن 14 فروری ہی کیوں؟ ہمارے ملک میں مغربی تہذیب حاوی ہوتی جارہی ہے۔ جموں مندروں کا شہر ہے۔ ہم مندروں کے شہر کو گندا نہیں ہونے دیں گے‘۔ انہوں نے کہا ’ ہم نوجوانوں کو بتانا چاہتے ہیں کہ 14 فروری کو بھگت سنگھ، سُکھ دیو اور راج گرو کے ڈیتھ وارنٹ پر دستخط ہوئے تھے۔ وہ نوجوانوں کے ہیرو ہیں۔ ہم لوگوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ بھگت سنگھ، سُکھ دیو اور راج گرو کی قربانی کو یاد کریں نہ کہ ویلن ٹائن کو منائیں۔ یہ ہندوستان کی اقتصادیات کو خراب کرنے کی ایک سازش ہے۔ پہلے ویلنٹائن ایک دن کے لئے منایا جاتا تھا، لیکن اب آٹھ دن منایا جاتا ہے۔ ہم بے حیائی کو یہاں پھیلنے نہیں دیں گے۔ اگر کوئی مندروں کے شہر کو گندا کرے گا، ہم احتجاج کریں گے‘۔