بانہال//جموں سرینگرقومی شاہراہ پر واقع قصبہ بانہال میں مقامی گاڑیوں کیلئے پارکنگ نہ ہونے کی وجہ سے آئے روز کے ٹریفک جام پر قابو پانے کیلئے انتظامیہ نے بدھ کے روز قصبے کے چار مختلف مقامات پر تیار کی گئی عارضی پارکنگ کو عوام کیلئے کھلا چھوڑ دیا ہے اور شاہراہ پر واقع قصبہ بانہال کے تمام مقامی چھوٹے ٹریفک کو سڑک پر رکنے کے بجائے یہاں منتقل کیا گیا ہے۔ یہ عارضی پارکنگ تلباغ ، کسکوٹ اور بنکوٹ روڈ کے علاہ تحصیل آفیس بانہال کے پیچھے تیار کی گئی ہے اور یہاں مختلف علاقوں اور سڑکوں سے آنے جانے والی گاڑیوں کو پارک کرایا جائے گا جبکہ نجی گاڑی والے بھی اس مفت کی پارکنگ کو استعمال کرسکتے ہیں۔پارکنگ کیلئے یہ چاروں عارضی جگہیں فورلین شاہراہ پروجیکٹ پر قصبہ بانہال کے پیچھے سے تعمیر کئے جانے والے بانہال بائی پاس پر بنائی گئی ہیں۔ ایس ڈی ایم بانہال ظہیر عباس بٹ نے بدھ کے روز ڈی ایس پی ٹریفک نیشنل ہائے وے بانہال شمشیر سنگھ، تحصیلدار بانہال شیخ جاوید احمد اور ٹرانسپورٹ ایسوسیشن بانہال کے صدر عبدالرشید شاہ کے ہمراہ گاڑیوں کو تلباغ نزدیک سابقہ ٹوک پوسٹ ، عدنان سکول کے پاس بنکوٹ منگت اور لامبر کسکوٹ کے نزدیک اور تحصیل دفتر بانہال کے عقب میں قائم کی گئی عارضی پارکنگ میں منتقیل کرانے کی کاروائی کی نگرانی کی۔ ایس ڈی ایم بانہال ظہیر عباس بٹ نے کہا کہ یہ بانہال میں پارکنگ کا معاملہ دیرینہ تھا اور ڈپٹی کمشنر رام بن مسرت الاسلام سے صلاح مشورے کے بعد پولیس اور ٹریفک پولیس حکام ، بیوپار منڈل بانہال اور ٹرانسپورٹ ایسوسیشن بانہال کے ذمہ داروں کے تعاون سے چار مقامات پر عارضی پارکنگ بنائی گئی جہاں کئی سو گاڑیاں پارک کی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے نجی اور مسافر گاڑی والوں سے کہا ہے کہ وہ قصبہ بانہال سے گذرنے والی شاہراہ پر اپنی گاڑیوں کو پارک نہ کریں ورنہ ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور اس کیلئے ایس ڈی پی او بانہال آشیش گپتا اور ڈی ایس پی ٹریفک نیشنل ہائے وے بانہال شمشیر سنگھ پولیس کے ہمراہ سخت کاروائی کے مجاز ہونگے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس عارضی پارکنگ سے درجنوں دیہات اور گاں سے قصبے کی طرف آنے والی نجی اور مسافر گاڑی والوں کو نہ صرف روزانہ کی افراتفری کے عالم سے راحت ملے گی بلکہ قصبہ بانہال میں روزانہ کے ٹریفک جام سے بھی دکانداروں اور راہگیروں کو چھٹکارا حاصل ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ پارکنگ کے مقامات کو مزید بہتر بنانے کیلئے تعمیراتی کمپنی کی مدد لی جارہی ہے۔ اس اہم کاروائی کو انجام دینے کیلئے ایس ڈی ایم بانہال ظہیر عباس نے ایس ڈی پی او بانہال آشیش گپتا ، ڈی ایس پی ٹریفک نیشنل ہائے وے بانہال شمشیر سنگھ، تحصیلدار بانہال شیخ جاوید احمد ، عبدالرشید شاہ صدر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن بانہال اور بیوپار منڈل بانہال کے عہداروں کی کاوشوں کا شکریہ ادا کیا۔