محمد تسکین
بانہال// ضلع رام بن کی سب ڈویژن بانہال میں انڈین ریزرو پولیس یا IRP سولہ بٹالین کی طرف سے شہید کانسٹبل آزاد چند کی یاد میں جاری والی بال ٹورنامنٹ اپنے اختتام کو پہنچا اور بْدھ کے روز ہائیر سیکنڈری سکول بانہال بوائز کے گراوانڈ میں ایک ہفتے سے جاری ٹورنامنٹ کا فائنل میچ کھیلا گیا۔ اس والی بال ٹورنامنٹ میں کل آٹھ ٹیموں نے شرکت کی ۔ بْدھ کے روز کھیلے گئے فائنل میچ میں سپائیکر پنچ چملواس بانہال نے رائزنگ سٹار نیل رامسو کو شکست دیکر ٹرافی کو جیت لیا۔ فاتح ٹیم کے علاؤہ رنر اپ ٹیم اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو بھی ٹرافی اور انعامات سے نوازا گیا۔ شہید کانسٹبل آزاد چند کے یادگاری والی بال ٹورنامنٹ فائنل میچ کے موقع پر پرنسپل ہائیر سیکنڈری سکول بانہال عبدالرشید گیری مہمان خصوصی کے طور موجود تھے جبکہ آئی ار پی 16 بٹالین کی طرف سے اس ٹورنامنٹ کے نگران افیسر انسپکٹر شبیر احمد ، آئی آر پی کے دیگر افسران و اہلکار، معززین علاقہ اور شائقین کھیل بھی فائنل میچ کی تقریب میں موجود تھے۔ اس ٹورنامنٹ کا انعقاد اور مجموعی نگرانی کمانڈنگ آفیسر آئی آر پی سولہ بٹالین ایس ایس پی پون کمار پریہار کر رہے تھے۔ اس موقع پر سپائیکر پنچ چملواس بانہال اور رائزنگ سٹار نیل رامسو کے کھلاڑیوں نے آئی آر پی 16 بٹالین کی طرف سے اس ٹورنامنٹ کے انعقاد کیلئے فورس کے تمام افسروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسے ٹورنامنٹ کے انعقاد سے مقامی کھلاڑیوں کے اندر صلاحیتوں کو ابھارنے میں مدد ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیموں اور کھلاڑیوں میں انعامات اور اسناد کی تقسیم سے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے اور کھیل کود کے تئیں نوجوانوں میں رغبت بڑھتی ہے۔شہید کانسٹبل آزاد چند 2013 میں ہندوارہ کے پرانے بس سٹینڈ میں اپنے فرض کی انجام دہی کے دوران شہید ہوئے تھے۔
بانہال میں شہید کانسٹبل آزاد چند میموریل والی بال ٹورنامنٹ اختتام پذیر