بانہال میںیوتھ سروسز کے اہتمام سے انٹر سکول مقابلہ | نجی اور سرکاری سکولوں کے 200 کھلاڑیوں کی شرکت

محمد تسکین

بانہال//محکمہ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس زون رام بن کی طرف سے ہفتے کے روز ہائر سیکنڈری سکول(بوائز) بانہال میں چودہ اور سترہ سال کی کم عمر کے سکولی بچوں کیلئے انٹر سکول ایتھلیٹک مقابلوں کا انعقاد ہوا۔ ہائیر سیکنڈری سکول کے پرنسپل عبدالرشید گیری نے زونل فزیکل ایجوکیشن افسر بانہال رام بن محمد سعید اللہ کی موجودگی میں افتتاحی رسم انجام دی گئی اور شامل ایتھلیٹس کو خوش آمدید کہا ۔

 

عبدالرشید گیری نے نوجوانوں کو مختلف سطحوں پر ہونے والے کھیلوں کے مقابلوں میں زیادہ سے زیادہ حصہ لینے کی ترغیب دی تاکہ وہ صحت مند رہ سکیں اور سماج میں اچھا نام کما کر ملک و قوم کی خدمت کر سکیں ۔ سپورٹس میٹنگ میں بانہال زون کے تقریباً تمام نجی اور سرکاری سکولوں کے 200 سے زائد کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔

 

انہوں نے کھیل کود کے مختلف شعبوں میں شمولیت کی۔ اس موقع پر منشیات کے خلاف حلف برداری کی تقریب بھی انجام دی گئی جس میں کھلاڑیوں ، یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس ملازمین اور محکمہ میں کام کرنے والے این وائی سی رضاکاروں نے شرکت کی۔
