بارڈر-گاوسکر ٹرافی  | رشبھ پنت کی جگہ بھرنے کے لیے کھلاڑی دستیاب: روہت شرما

ناگپور// ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے بدھ کو اعتراف کیا کہ وہ بارڈر-گاوسکر ٹرافی میں باصلاحیت وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت کی کمی محسوس کریں گے حالانکہ ان کے پاس پنت کی جگہ لینے کے لئے دیگر اچھے کھلاڑی موجود ہیں۔روہت نے پہلے ٹیسٹ کے موقع پر یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہاکہ “ہمیں رشبھ پنت کی کمی محسوس ہوگی، لیکن ہمارے پاس یہ کردار ادا کرنے کے لیے کھلاڑی موجود ہیں۔ ہم نے کھلاڑیوں سے ان کے منصوبوں کے بارے میں بات کی ہے اور امید ہے کہ وہ کھیلیں گے۔” کل ہم ان پر عمل درآمد کر سکیں گے۔”واضح رہے کہ پنت 2020 سے 2022 تک ٹیسٹ کرکٹ میں ہندوستان کے لیے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی رہے ہیں۔ انہوں نے اس عرصے کے دوران کھیلے گئے 22 میچوں میں 43.34 کی اوسط سے 1517 رنز بنائے۔پنت نے اپنی میچ جیتنے والی اننگز سے ہندوستان کو کئی بار مشکلات سے نکالا ہے۔ پچھلی بار جب ہندوستان نے آسٹریلیا کا دورہ کیا تھا تو مہمان ٹیم صرف پنت کے ناٹ آؤٹ 89 رنز کی بنیاد پر گابا کا قلعہ جیت سکی تھی۔روہت نے الیون میں پنت کی جگہ بھرنے کے بارے میں بات کی، حالانکہ وہ کھلاڑی کے انتخاب کے سوال پر خاموش رہے۔ادھر بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کپل دیو نے کہا ہے کہ دل چاہ رہا ہے کہ رشبھ پنت کو صحیح ہوتے ہی تھپڑ ماروں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ایک گفتگو کے دوران کپل دیو نے کہا کہ رشبھ پنت کی عدم موجودگی سے بھارتی ٹیم کو مشکل ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح بچوں کے غلطی کرنے پر والدین کو تھپڑ مارنے کا حق ہوتا ہے، میرا بھی رشبھ پنت کے ساتھ ایسا ہی کرنے کا دل چاہتا ہے۔ کپل دیو نے کہا کہ مجھے اس سے محبت ہے، میں چاہتا ہوں وہ جلد صحت یاب ہو جائے تاکہ میں اس سے مل کر اسے ماروں اور کہوں کہ اپنا خیال رکھا کرو۔ سابق بھارتی کپتان نے کہا کہ آج کل کے نوجوان ایسی غلطیاں کیوں کرتے ہیں۔