سرینگر//سی آر پی ایف نے ریلوے اسٹیشن پانپور کے نزدیک پریشر کوکر میں نصب کی گئی بارودی سرنگ کو ناکارہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے جس کے دھماکے سے آس پاس کے علاقے لرز اٹھے۔ بدھ کی صبح 6بجکر30منٹ پرسی آر پی ایف185بٹالین سے وابستہ روڑ اوپننگ پارٹی کے اہلکاروں نے معمول کی تلاشی کارروائی کے دوران پانپور میں کنڈی زال بائی پاس کے نزدیک سڑک پر بچھائی گئی ایک بارودی سرنگ کا پتہ لگایا۔سی آر پی ایف کے ایک آفیسر نے بتایا کہ یہ بارودی سرنگ تین لیٹر کے ایک پریشر کوکر میں ریلوے اسٹیشن کے سامنے نصب کی گئی تھی۔اسی دوران آس پاس کے علاقوں کو گھیرے میں لیا گیا اوربعد میں سی آر پی ایف کے بم ڈسپوزل اسکارڈسے وابستہ اہلکار جائے واردات پر پہنچے اور باردی سرنگ کو ایک کھلے میدان میں لیجاکر ناکارہ بنایا۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ بارودی سرنگ کو بغیر کوئی نقصان پہنچائے ناکارہ بنائے جانے کے دوران جو دھماکہ ہوا، اس کی آوازنہ صرف کئی کلومیٹر کے دائرے میں سنی گئی بلکہ آس پاس کے علاقوں میں رہائشی مکانوں اور دیگر تعمیرات کے درودیوار ہل گئے اور لوگ اپنے گھروں میں سہم کر رہ گئے۔ اس موقعے پر علاقے میں کچھ دیر کیلئے سنسنی کا ماحول رہا،تاہم بعد میں حالات معمول پر آگئے۔سی آر پی ایف کا کہنا تھا کہ اگر یہ بارودی سرنگ بروقت برآمد نہیں ہوتی تو اس کے پھٹنے سے بڑے پیمانے پر جانی اور مالی نقصان کا احتمال تھا۔پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔واضح رہے کہ وادی بھر میں26جنوری کے سلسلے میں حفاظت کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور ہر طرف فورسز کی گشت اور تلاشی کارروائیوں میں سرعت لائی گئی ہے۔