ٹنگمرگ // نیشنل کانفرنس وفد نے باباریشی گلمرگ جاکر وہاں گذشتہ دنوں ہولناک آگ سے متاثر ہوئے لوگوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا ۔ وفد میں پارٹی کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر مصطفی کمال، شمالی زون صدر و رکن پارلیمان محمد اکبر لون،حسنین مسعودی اور مقامی عہدیداران موجود تھے۔ اُن کے ہمراہ تحصیلدار اور مختلف محکموں کے اعلیٰ حکام بھی تھے۔ وفد نے اس واردات میں مکمل طور پر خاکستر ہوئے دکانوں کا معائنہ کیا۔ پارٹی وفد نے حکومت سے اپیل کی کہ متاثرین کی فوری بازآبادکاری کیلئے اقدامات کئے جائیںاور ایک شاپنگ کمپلیکس تعمیر کرکے ان دکانداروں کودکانیں فراہم کی جائیں اور ان سے آسان قسطوں پر دکانوں کی رقم وصول کی جائے۔ اس کے علاوہ متاثرین کیلئے فوری طور پر ڈیزاسٹر فنڈ میں سے امداد فراہم کی جائے۔ رکن پارلیمان حسنین مسعودی نے موقعہ پر ہی صوبائی کمشنر کے ساتھ رابطہ کیا اور انہیں تمام پہلوئوں کی جانکاری دی اور متاثرہ دکانداروں کی فوری بازآبادکاری پر زور دیا ۔پارٹی وفد نے متاثرین کو یقین دلایا کہ وہ اُن کی بازآبادکاری کیلئے انتظامیہ کو قائل کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کریںگے۔ بعد اذاں وفد نے آستانِ عالیہ پر بھی حاضری دی۔
بازار کو جدید طرز پر تعمیر کیا جائے گا:درخشاں اندرابی
مشتاق الحسن
ٹنگمرگ//بی جے پی لیڈر اور چیئرپرسن وقف کونسل ڈاکٹر درخشاں اندابی نے بدھ کو بابا پیام الدین ریشیؒ کے آستان عالیہ پر حاضری دی اور وہاں چند روز قبل آگ کی ایک ہولناک واردات پر افسوس کا اظہار کرتے متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے متاثرین کو یقین دلایاکہ خاکستر شدہ بازار کو از سر نو جدید طرز پر تعمیر کیا جائے گا۔ڈاکٹر اندرابی نے ایل جی انتظامیہ کے علاوہ صوبائی و ضلع انتظامیہ بارہمولہ سے متاثرہ دوکانداروں کو فی الحال عارضی دوکانیں فراہم کرنے کی مانگ کی۔
سیزن شروع ہونے سے قبل اقدامات کئے جائیں
ٹریڈرس اینڈ مینو فیکچررس فیڈریشن کی انتظامیہ سے اپیل
مشتاق الحسن
ٹنگمرگ//کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینو فیکچررس فیڈریشن کے صدر محمد یاسین خان جنرل سیکریٹری بشیر احمد کونگ پوش کی قیادت میں تاجران ماگام کنزر ٹنگمرگ نے بابا ریشی جاکر متاثرہ دوکانداروں سے ملاقات کی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔انہوںوقف بورڈ اور صوبائی انتظامیہ سے بابا ریشی کے متاثرہ دوکانداروں کی باز آبادکاری کیلئے سیزن شروع ہونے سے قبل اقدامات کرنے کے علاوہ خاکستر شدہ بازار کو فوری طور تعمیر کرنے کا مطالبہ کیا ۔ بعد میں محمد یاسین خان نے ٹریڈرس ایسوسی ایشن ٹنگمرگ سے میٹنگ کرکے ٹنگمرگ بازار کی تاجر برادری کو درپیش مسائل حل کرانے کی یقین دہانی دی ۔ادھر ٹنگمرگ ٹریڈرس ایسوسی ایشن کے صدر نے کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینو فیکچررس فیڈریشن میں شامل ہونے کا اعلان کیا جس کا صدر محمد یاسین خان نے خیر مقدم کرتے ہوئے وادی کے تمام تاجروں کومتحد ہونے کی اپیل کی ۔اس موقع پر محمد یاسین خان نے تمام بازار کمیٹیوں سے بابا ریشی کے متاثرہ دوکانداوں کی مددکیلئے آگے آنے کی اپیل کی ۔