جموں//نیشنل کانفرنس کے سرینگر، اننت ناگ، بارہمولہ کے لوک سبھا امیدواروں کے حق میں انتخابی مہم میں شدت لاتے ہوئے پارٹی کی اقلیتی سیل نے ہفتہ کے روز ان حلقوں کے ریاست یا بیرون ریاست میں مقیم ووٹروں سے جمہوری عمل میں بڑی تعداد میں شرکت کرنے کی اپیل کرتے ہوئے انہیں سیاسی استحکام میںمثبت رویہ اپنانے کی اپیل کی ہے۔یہاں شیر کشمیر بھون میںہفتہ کے رز منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اقلیتی سیل کے سر پرست اعلیٰ وجے بقایا نے کہا کہ نیشنل کانفرنس ہمیشہ سے ہی بے گھر ہوئے لوگوں کے ساتھ مشکل کے وقت میں کھڑی رہی ہے۔انہوں نے اس موقعہ پر شیر کشمیر کے ہندو مسلم سکھ اتحادنعرہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ وہ ہمیشہ پارٹی کے لئے مشعل راہ بن کے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس جذبہ کو سیکولر طاقتوں کے حق میں ووٹ ڈال کر برقرار رکھا جا سکتا ہے۔اجلاس سے سابقہ لیجسلیٹروں ڈاکٹر بشیر احمد ویری اور عبدالمجید لارمی نے بھی خطاب کیا اور بے گھر ہوئے لوگوں کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے انہیں سرینگر پارلیمانی حلقہ سے ڈاکٹر فار وق عبداللہ ،اننت ناگ سے جسٹس حسنین مسعودی اور بارہمولہ سے محمد اکبر لون کے حق میں ووٹ ڈالنے کی اپیل کی۔اس موقعہ پر ڈاکٹر بشیر احمد ویری نے این سی کے دور میں مائیگرنٹوں کی حالت زار میںسدھار کیلئے ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور عمر عبداللہ کے کام کی ستائش کی اور کہا کہ انہوں نے ہی مائیگرنٹوں کیلئے رہائشی کوارٹر تعمیر، انہیں ملازمت فراہم کی،ریلیف کی رقم میں اضافہ کیا گیا۔ انہوں نے فرقہ پرست طاقتوں کو الگ کرنے میں پارٹی کی جانب سے کئے گئے اقدام کی ستائش کی۔ عبدالمجید لارمی نے اپنے خطاب میںکہا کہ نیشنل کانفرنس نے اپنے دور میں ریاست میں سماجی۔اقتصادی ترقی میں بدلائو لانے کیلئے کافی کام کیا ہے۔اقلیتی سیل کے صدر ایم کے یوگی نے بھی جلاس سے خطاب کیا اور مائیگرنٹ ووٹرں سے وادی کے این سی امیدواروں کے حق میں ووٹ ڈالنے کی اپیل کی۔اس موقعہ پر موجود لوگوں میں ہرمہندر سنگھ، پی این تلاشی، بال کرشن بھٹ، اے کے رینہ، اشوک پنڈتا، سندری لعل پنڈتا، ابھے بقایا، ڈاکٹر امینا، شبھن جی، سریندر ناتھ، بھارت بھوشن ،ایس پنڈتا بھی شامل تھے۔