سرینگر //’ دہشت گردی سازش کیس‘ میں قومی تحقیقاتی ایجنسی نے وادی کشمیر میں جنگجوئوں کے معاونین کو پکڑنے کیلئے تازہ چھاپہ ماری کی کارروائیاں انجام دیں۔ 6اضلاع میں 10مقامات پر تلاشیاں لی گئیں اور مزید 8افراد کو حراست میں لیا گیا۔ابھی تک اس کیس کے سلسلے میں13افراد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔قومی تحقیقاتی ایجنسی کی طرف سے جمعہ کی صبح سرینگر، پلوامہ، شوپیان ، بارہمولہ، کولگام اور اننت ناگ میں چھاپے مارے گئے۔ضلع شوپیان کے کانجی اولر علاقے میں تین افراد کو تحقیقات کیلئے حراست میں لیاگیا۔ پلوامہ کے قاضی گنڈ کاکہ پورہ علاقے میں فیروز احمد وانی کے گھر پر چھاپہ مار گیاا۔بتایاجاتاہے کہ فیروز احمد وانی گزشتہ15 دنوں سے پولیس حراست میں ہیں۔ ادھر سرینگر کے پارمپورہ، زکورہ اور قمر واری علاقے میں بھی جاں بحق ہوئے عساکر کے معاونین کے گھروں پر چھاپے مارے گئے۔ایجنسی کے بیان کے مطابق جن افراد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی، ان میں عادل احمد وار سرینگر،منان گلزار ڈار سرینگر، ہلال احمد ڈار کپوارہ، صوبیہ ساکن پارم پورہ، روف بٹ اننت ناگ،ثاقب بشیر کپوارہ،زماں عادل سرینگر اور حارث نثار لنگو شامل ہیں۔