نیوز ڈیسک
جموں// نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی این آئی اے کی ایک خصوصی ٹیم نے اتوار کو یہاں دوہرے دھماکوں کے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔جموں شہر کے مضافات میں واقع نروال میں ہفتہ کو یکے بعد دیگرے ہونے والے دھماکوں میں نو افراد زخمی ہوئے تھے۔ پولیس کو شبہ ہے کہ دیسی ساختہ دھماکہ خیز آلات کا استعمال مرمت کی دکان میں کھڑی ایک SUV میں اور ٹرانسپورٹ نگر علاقے میں قریبی کباڑ خانے میں ایک گاڑی میں دوہرے دھماکوں کو انجام دینے کے لیے کیا گیا تھا۔یہ دھماکے ایسے وقت میں ہوئے جب خطے میں سیکورٹی ایجنسیاں کانگریس کی جاری بھارت جوڑو یاترا اور آئندہ یوم جمہوریہ کی تقریبات کے لیے ہائی الرٹ پر ہیں۔حکام نے بتایا کہ این آئی اے کی ٹیم نے صبح دھماکوں کی جگہ کا دورہ کیا اور امکان ہے کہ وفاقی انسداد دہشت گردی ایجنسی مکمل تحقیقات کے لیے کیس کو اپنے ہاتھ میں لے لے گی۔تحقیقاتی ایجنسی افسران نے دھماکوں کی جگہ پر ایک گھنٹے سے زیادہ وقت گزارا اور روانگی سے قبل نمونے اکٹھے کئے۔ حکام نے مزید کہا کہ ہندوستانی فوج کے سینئر افسران نے دوسرے دن بھی معائنہ کے لیے علاقے کا دورہ کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ علاقہ ابھی بھی حفاظتی حصار میں ہے اور بڑے پیمانے پر صفائی ستھرائی کا آپریشن جاری ہے۔